خلا سے زمین تک بجلی
اسپیشل فیچر
لامحدود شمسی توانائی کے حصول کی نئی دوڑ
سائنسدان خلا میں ایسے بڑے شمسی بجلی گھر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جو دن رات سورج کی توانائی حاصل کرکے مائیکروویوز کے ذریعے زمین تک پہنچا سکیں۔ چین، امریکہ، برطانیہ اور جاپان اس ٹیکنالوجی کو عملی شکل دینے کے لیے سرگرم ہیں۔سائنسی ویب سائٹ لائیو سائنس کی ایک رپورٹ کے مطابق خلائی شمسی توانائی کے منصوبوں میں کئی ممالک کی دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے حامیوں کا خیال ہے کہ اگر اسے کامیابی سے عملی شکل دے دی جائے تو دنیا کی توانائی کی ضروریات کا بہت بڑا حصہ پورا کیا جا سکتا ہے۔ تاہم اس خواب کی تکمیل کے لیے ابھی اہم تکنیکی اور مالی مشکلات حل کرنا باقی ہیں۔
خلا میں شمسی بجلی گھر بنانے کا تصور
اس منصوبے کا بنیادی خیال بظاہر سادہ ہے کہ زمین کے گرد مدار میں بڑے سیٹلائٹ نصب کیے جائیں جن پر وسیع شمسی پینل لگے ہوں۔ یہ پینل سورج کی روشنی سے بجلی پیدا کریں گے اور اس توانائی کو مخصوص نظام کے ذریعے مائیکروویوز میں تبدیل کرکے زمین پر بھیجا جائے گا جہاں اسے دوبارہ بجلی میں تبدیل کرکے بجلی کے قومی نظام میں شامل کیا جا سکے گا۔زمین کے برعکس خلا میں سورج کی روشنی کو فضا میں موجود بادلوں، گردوغبار اور دیگر عوامل سے گزرنا نہیں پڑتا۔ مناسب مدار میں نصب نظام کو طویل عرصے تک مسلسل دھوپ بھی مل سکتی ہے۔ اس طرح روایتی شمسی بجلی گھروں کے مقابلے میں زیادہ مستقل توانائی حاصل کرنے کا امکان پیدا ہوتا ہے۔سائنسدانوں کے مطابق اس نظام کا ایک اہم فائدہ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ بجلی کی پیداوار رات کے وقت مکمل طور پر بند نہ ہو۔ اگر سیٹلائٹ کا مدار اور نظام مناسب انداز میں ڈیزائن کیے جائیں تو زمین پر سورج غروب ہونے کے بعد بھی خلا سے توانائی بھیجی جا سکتی ہے۔
ایک پرانا خواب جو حقیقت کے قریب آ رہا ہے
خلا سے توانائی حاصل کرنے کا خیال نیا نہیں۔ روسی سائنسدان اور خلائی سفر کے ابتدائی نظریات پیش کرنے والے کونسٹنٹین تسیا لکوفسکی نے 1923ء میں خلا میں آئینے نصب کرکے سورج کی روشنی کو مرتکز کرنے کا تصور پیش کیا تھا۔ بعد کے عشروں میں یہ خیال سائنس فکشن کا حصہ بنا اور بالآخر انجینئرز نے اسے بجلی پیدا کرنے کے ممکنہ طریقے کے طور پر سنجیدگی سے جانچنا شروع کیا۔1960ء کی دہائی میں امریکی سائنسدان پیٹر گلیزر نے خلائی شمسی توانائی کے ذریعے بجلی زمین تک پہنچانے کے تصور کو مزید منظم شکل دی۔ 1970ء کی دہائی میں ناسا نے بھی اس ٹیکنالوجی کے امکانات کا مطالعہ کیا لیکن اس زمانے میں سیٹلائٹس کی تیاری، انہیں خلا میں پہنچانے اور وہاں نصب کرنے کی لاگت بہت زیادہ تھی۔ابتدائی منصوبوں میں مطلوبہ مقدار میں بجلی پیدا کرنے کے لیے انتہائی بڑے اور بھاری ڈھانچوں کی ضرورت پڑتی تھی۔ 1981ء میں امریکی محکمہ توانائی کے ایک مطالعے میں 300 گیگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے تصور کے لیے درجنوں بڑے سیٹلائٹس کی ضرورت کا اندازہ لگایا گیا تھا۔ اس نوعیت کے منصوبے اس وقت کے وسائل اور ٹیکنالوجی کے لحاظ سے ناقابلِ برداشت سمجھے گئے۔تاہم گزشتہ چند دہائیوں میں ہلکے مواد، بہتر سولر سیلز، روبوٹکس اور خلائی لانچ ٹیکنالوجی میں ہونے والی ترقی نے اس تصور کو دوبارہ قابلِ غور بنا دیا ہے۔ اب سوال صرف یہ نہیں کہ یہ نظام بنایا جا سکتا ہے یا نہیں بلکہ یہ بھی ہے کہ کیا اس سے پیدا ہونے والی بجلی مناسب قیمت پر صارفین تک پہنچائی جا سکتی ہے؟
چین، جاپان، برطانیہ اور امریکہ کی دوڑ
خلائی سولر انرجی کے حصول کے لیے مختلف ممالک اپنے اپنے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ ان کوششوں کا مقصد یہ جانچنا ہے کہ آیا خلا میں بجلی پیدا کرکے اسے محفوظ اور مؤثر انداز میں زمین تک پہنچانا ممکن ہے یا نہیں۔چین کا ژو ری (ZhuRi) پروگرام، جس کا مفہوم ''سورج کا تعاقب‘‘ ہے اس شعبے میں نمایاں کوششوں میں شامل ہے۔ جاپان کا اوہی ساما (OHISAMA) منصوبہ بھی خلا سے زمین تک توانائی پہنچانے کے تجربات پر توجہ دے رہا ہے۔ دوسری جانب برطانیہ کی کمپنیSpace Solar ایک بڑے خلائی شمسی بجلی گھر کے ڈیزائن پر کام کر رہی ہے جبکہ امریکہ میںCaltech اور ایئر فورس ریسرچ لیبارٹری توانائی کی وائرلیس ترسیل کے تجربات میں مصروف ہیں۔ سپیس سولر کے مطابق اس کا ایک مکمل سیٹلائٹ تقریباً 1.6 کلومیٹر قطر کا ہوگا اور مسلسل دو گیگاواٹ تک بجلی زمین پرپہنچا سکتا ہے۔ یہ مقدار تقریباً 20 لاکھ افراد پر مشتمل شہر کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہو سکتی ہے۔
لامحدود توانائی کا خواب اور چیلنجز
خلائی سولر انرجی کی مجوزہ ٹیکنالوجی کے سامنے کئی چیلنجز ہیں۔سب سے پہلے ہزاروں ٹن وزنی سٹرکچر اور لاکھوں سولر پینلز کو خلا میں پہنچانا انتہائی مہنگا کام ہے۔ اس کے بعد مدار میں اتنے بڑے نظام کو جوڑنا، درست سمت میں رکھنا، اس کی مرمت کرنا اور اسے خلائی ملبے سے محفوظ رکھنا بھی بڑے چیلنج ہیں۔دوسرا مسئلہ انرجی کو مائیکروویوز میں تبدیل کرکے زمین تک پہنچانے کا ہے۔مگر سب سے اہم سوال لاگت کا ہے۔ اگر خلائی سولر انرجی، زمین پر نصب سولر پینلز، ہوا سے پیدا ہونے والی بجلی اورانرجی ذخیرہ کرنے کے نظام کے مقابلے میں بہت مہنگی ہوئی تو اس کا وسیع پیمانے پر استعمال مشکل ہوگا۔اس کے باوجود یہ ٹیکنالوجی مستقبل کی توانائی کیلئے ایک بڑا امکان پیش کرتی ہے۔ اگر انجینئرز کم لاگت والے لانچ، مؤثر توانائی کی ترسیل اور قابلِ اعتماد خلائی نظام تیار کرنے میں کامیاب ہو گئے تو دنیا کو صاف توانائی کا ایک نیا ذریعہ مل سکتا ہے۔