یونس خان کے عہدے میں توسیع کارکردگی سے مشروط

یونس خان کے عہدے میں توسیع کارکردگی سے مشروط

بیٹنگ کوچ ابھی اپنی اولین ذمہ داری نبھارہے ہیں ،ان کو مستقل کرنے کے بارے میں انگلینڈ کیخلاف سیریز کے بعد ہی سوچا جائیگا :پی سی بی ٹیم انتظامیہ میں شامل دیگرعہدیداروں کے مستقبل کا فیصلہ ان کی کارکردگی سے مشروط ،قومی ٹیم کی وطن پر واپسی پر بڑی اکھاڑ پچھاڑ متوقع :ذرائع

کراچی (سپورٹس رپورٹر )قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ انگلینڈ میں موجود بیٹنگ کوچ یونس خان سمیت ٹیم انتظامیہ میں شامل عہدیداروں کے مستقبل کا فیصلہ ان کی کارکردگی سے مشروط ہے اور پی سی بی ذرائع نے وضاحت کردی ہے کہ فی الحال یونس خان کو مستقل بیٹنگ کوچ مقرر کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے اور اس ضمن میں دورے کے اختتام پر ہی غور کیا جائے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یونس خان سے انگلینڈ ٹور کے بعد طویل المدتی معاہدہ کیا جا سکتا ہے تاہم پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال اس معاملے پر غور نہیں کیا جا رہا کیونکہ یونس خان ابھی اپنی اولین ذمہ داری کی انجام دہی کر رہے ہیں لہٰذا دورے کے خاتمے پر ہی اس بارے میں سوچا جائے گا۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اگرچہ یونس خان کی کارکردگی سے مطمئن ہیں لیکن ان کی بطور بیٹنگ کوچ کارکردگی اور دورے میں دیگر سٹاف اور پلیئرز کے ساتھ ان کے روابط کا جائزہ لینے پر ہی کوئی فیصلہ ممکن ہے۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس خان بطور بیٹنگ کوچ اپنی ذمہ داریاں احسن طور پر نبھا رہے ہیں اور قومی بیٹسمینوں کے ساتھ ان کی محنت اور بہترین تعلقات سے بھی انکار ممکن نہیں تاہم انگلش ٹور میں ہیڈ کوچ مصباح الحق کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ بطور چیف سلیکٹر ان کا اظہرعلی کو ٹیسٹ کپتانی دینے کا فیصلہ بھی ہے جو اوسط درجے کی بیٹنگ اور قیادت کے باعث غیر موثر دکھائی دے رہے ہیں جس کے پیش نظر قومی ٹیم کی وطن واپسی پرٹیم انتظامیہ میں بڑی اکھاڑ پچھاڑ متوقع ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں