نسیم شاہ کے ساتھ بالنگ کا لطف اٹھا رہا ہوں،حارث رؤف
دبئی(اسپورٹس ڈیسک)پاکستانی بالنگ لائن اپ کے فی الوقت سب سے تجربہ کار بالر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ وہ نسیم شاہ کے ساتھ بالنگ کا لطف اٹھا رہے ہیں کیونکہ مختصر فارمیٹ میں بالنگ کی شراکتیں بہت زیادہ اہمیت رکھتی ہیں۔
قومی ٹیم کی بالنگ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے حارث رؤف کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھارت کیخلاف میچ میں حریفوں کو باندھ کر رکھا جبکہ ہانگ کانگ کیخلاف یکطرفہ کامیابی یقینی بنائی اور سپر فور راؤنڈ میں بھی یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔دائیں ہاتھ کے پیسر کا کہنا تھا کہ مختصر فارمیٹ میں بالرز کی شراکتیں بہت زیادہ اہمیت رکھتی ہیں لہٰذا انہیں نوجوان پیسر نسیم شاہ کے ساتھ بالنگ کا بھرپور لطف حاصل ہو رہا ہے کیونکہ وہ اپنی عمدہ رفتار سے حریفوں کو تسلسل کے ساتھ بیک فٹ پر رکھتا ہے جس کی وجہ سے دوسرے بالرز کو بھی فائدہ اٹھانے کا موقع مل جاتا ہے ۔
حارث رؤف کا کہنا تھا کہ پہلے میچ میں صورت حال ایسی تھی کہ انہیں کچھ رنز پڑ گئے لیکن آج کوشش ہوگی کہ غلطیوں سے گریز کرتے ہوئے ہردیک پانڈیا اور سوریا کمار یادیو کو جلد آؤٹ کیا جائے جن کی موجودہ فارم قدرے بہتر ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امارات کی کنڈیشنز میں پٹھے کھنچ جانے کی شکایت عام ہے لہٰذا میڈیکل اسٹاف فٹنس پر پوری محنت کر رہا ہے اور امید ہے کہ فٹنس مسائل مزید مشکلات پیدا نہیں کریں گے جبکہ کسی کے ہونے یا نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا بلکہ میدان میں سو فیصد کارکردگی دکھانی ہوتی ہے۔