میڈل جیتنے پر 50لاکھ انعام کا اعلان کیا گیا، جو نہ ملا:محمد یاسر

 میڈل جیتنے پر 50لاکھ انعام کا اعلان کیا گیا، جو نہ ملا:محمد یاسر

لاہور(سپورٹس ڈیسک ) جیولین تھرور محمد یاسر سلطان نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے 2023ء میں ایشین برانز میڈل جیتنے پر 50 لاکھ روپے کا اعلان گھر پر کیا۔۔

تاہم مجھے انعام اب تک نہیں ملا۔لاہور میں اپنے والد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے والد روزانہ پوچھتے ہیں، میں کال کرتا ہوں مجھے جواب نہیں ملتا، میں چکر لگا لگا کر تھک چکا ہوں، گھر جا کر جیسے ارشد ندیم کو انعام دیا گیا ایسے ہی مجھے ملنا چاہیے ، آج ہمارے لیے دُگنی خوشیوں کا دن ہے ، ارشد ندیم نے ملک کا نام روشن کیا ہے ، میرا مقصد بھی یہی ہے ، میں ارشد ندیم کا جونیئر ہوں۔ جو انعام کا اعلان کیا وہ دیا جائے ، سہولتیں دی جائیں، ان حالات کے باوجود میں اگلے اولمپکس میں نظر آؤں گا۔ فیڈریشن کو بھی اس حوالے سے کہا ہے انہوں نے بھی مجھ سے درخواست مانگی لیکن کچھ نہیں کیا گیا۔اس موقع پر یاسر سلطان کے والد محمد سلطان نے کہا کہ سال سے زیادہ ہو گیا اب تک ایک پیسہ حوصلہ افزائی کے لیے نہیں دیا گیا، وزیرِ اعظم سے درخواست ہی کر سکتے ہیں، میں ڈرائیور ہوں، گاؤں تک پہنچنا مشکل ہے ، راستہ بنانے کی اپیل کی تھی لیکن راستہ تک نہیں بنا۔ ہ ہمارا علاقہ وزیرِ اعظم کے حلقے میں آتا ہے ، یہ شاید ہمیں کیڑے مکوڑے سمجھتے ہیں، میری 30 ہزار تنخواہ ہے جو کر سکتا تھا کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں