پی ایس بی کو پی او اے کے انتخابات کی قانونی حیثیت پر تحفظات
اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک ) پاکستان سپورٹس بورڈ(پی ایس بی) نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے ) کے آئندہ انتخابات کی شفافیت اور قانونی حیثیت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔
پی ایس بی نے ایسوسی ایشن کو ایک خط میں پانچ اہم نکات اجاگر کیے ہیں جن پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ پی ایس بی کی جانب سے پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے صدر سید محمد عابد قادری گیلانی کو لکھے گئے خط میں سب سے پہلے آئینی ترامیم کی شفافیت پر سوال اٹھایا ہے ۔ پی ایس بی نے کہا ہے کہ پاکستان اولمپکس ایسو سی ایشن کی ویب سائٹ پر موجود آئین 2019 کا ہے جبکہ انتخابی قواعد میں ایسی ترامیم کا ذکر ہے جن کا کوئی ریکارڈ یا واضح وضاحت موجود نہیں۔ پی ایس بی نے مطالبہ کیا ہے کہ نئی یا ترمیم شدہ دستاویز کو فوری طور پر شائع کیا جائے ۔ایک اور اہم نکتہ جنرل کونسل میٹنگز کی کارروائی کی غیر موجودگی ہے ۔ پی ایس بی نے دسمبر 2023 اور جولائی 2024 کی جنرل کونسل میٹنگز کی کارروائی ویب سائٹ پر نہ ہونے پر تشویش ظاہر کی ہے اور ان میٹنگز کی کارروائی کو فوری شائع کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ترامیم کی قانونی حیثیت واضح ہو سکے ۔ پی ایس بی نے انتخابی عمل کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے الیکٹورل کالج کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ پی ایس بی نے پاکستان اولمپکس ایسو سی ایشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ الیکٹورل کالج کی مکمل اور درست تفصیلات فراہم کرے ۔ سپورٹس بورڈ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل کی جانب سے 6 جولائی 2024 کو منظور کیے گئے انتخابی قواعد کی بین الاقوامی اولمپک کمیٹی ( آئی او سی ) سے منظوری کی تصدیق ضروری ہے ۔