پشاورکوشکست،قائداعظم ٹرافی سیالکوٹ کے نام

پشاورکوشکست،قائداعظم ٹرافی سیالکوٹ کے نام

کراچی(سپورٹس ڈیسک )پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ میں سیالکوٹ نے سنسنی خیز مقابلے میں پشاور کو ایک وکٹ سے شکست دیکر کر قائد اعظم ٹرافی اپنے نام کرلی۔

یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس پر کھیلے جانے والے پانچ روزہ فائنل میں چوتھے روز ہی فیصلہ ہو گیا، سیالکوٹ نے کامیابی کے لیے ملنے والا 173 رنز کا ہدف 46 اوورز میں 9 وکٹیں کھوکر حاصل کر لیا۔کپتان عماد بٹ نے 65 رنز کی عمدہ اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، شاہزیب بھٹی کے ناقابل شکست 32 رنز کارگر رہے ، پشاور کے نیاز خان نے 4 اور عامر خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ سیالکوٹ نے ٹرافی کے ساتھ 75 لاکھ روپے کا انعام اپنے نام کیا، پشاور کو رنر اپ ٹرافی کے ساتھ 40 لاکھ روپے انعام ملا۔کھیل کے تیسرے روز سیالکوٹ کو جیت کے لیے 173 رنز کا ہدف ملا تھا تاہم اس کے 5 ابتدائی کھلاڑی 59 رنز پر آؤٹ ہو گئے تھے ،اس طرح میچ کے چوتھے روز اتوارکو جب سیالکوٹ نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اسے کامیابی کے لیے 114 رنز درکار اور اس کی 5 وکٹیں محفوظ تھیں جبکہ پشاور کو کامیابی کے لیے 5 وکٹیں درکار تھیں،سیالکوٹ کی جانب سے کپتان عماد بٹ نے بہترین انداز میں وکٹ پر جم کر 65 رنز کی اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح کے دھانے پر پہنچا دیا، ان کی اننگز میں9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا،شاہزیب بھٹی نے 3 چوکوں کی مدد سے 28 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیل کر سیالکوٹ کی کامیابی یقینی بنایا، اذان اویس6 افضل منظور 1 اور شعیب اختر جونیئر 4رنز بنا سکے ۔ پہلے میچ میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے نیاز خان نے 51 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو چلتا کیا، عامر خان نے 60 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔

، جبکہ ساجد خان اور اسرار اللہ کو ایک ایک وکٹ ملی، پشاور نے پہلی اننگز میں 258 اور دوسری باری میں 159 رنز بنائے تھے ۔سیالکوٹ کی ٹیم اپنی پہلی باری میں 245 رنز بنانے میں کامیاب رہی تھی، قائداعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ 844 رنز سیالکوٹ کے نوجوان بیٹر اذان اویس نے سکور کیے جس میں 4 سنچریز اور 2 نصف سنچریز شامل رہیں،پشاور کے نیاز خان نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 39 وکٹیں حاصل کیں، ٹورنامنٹ میں سب سے کامیاب وکٹ کیپر سیالکوٹ کے 19 سالہ افضل منظور رہے جنہوں نے مجموعی طور پر ایک اسٹمپڈ کیا اور 38 کیچز لیے ۔ٹورنامنٹ میں بہترین انفرادی اننگز لاہور وائٹس کے علی زریاب آصف نے کھیلی انہوں نے سیالکوٹ کے خلاف 206 رنز بنائے جبکہ بہترین بولنگ فاٹا کے آفاق آفریدی کی رہی جنہوں نے لاہور بلوز کے خلاف 57 رنز دے کر8 وکٹیں حاصل کیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں