ایشین سکواش،ناصر اقبال کو سخت مقابلے کے بعد شکست

ایشین سکواش،ناصر اقبال کو سخت مقابلے کے بعد شکست

کوالالمپور(سپورٹس ڈیسک)ایشین سکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کی آخری امید بھی ختم ہوگئی۔ سابق قومی چیمپئن ناصر اقبال کو ایک سخت مقابلے کے بعد کوارٹر فائنل میں شکست ہوگئی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ملائشیا میں جاری 23 ویں ایشین سکواش چیمپئن شپ کے مینز سنگلز ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں سیڈ 5 پاکستان کے ناصراقبال کو ہانگ کانگ کے ہنری لیونگ نے سخت مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دی۔پہلا گیم 7-11 اور دوسرا گیم 8-11 سے ہارنے کے بعد ناصر اقبال نے بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے اگلے دونوں گیمز 8-11 اور 7-11 سے جیت کر مقابلہ سنسنی خیز بناڈالا۔تاہم ان کے حریف نے فیصلہ کن پانچویں گیم میں 7-11 سے کامیابی پاکر سیمی فائنل میں قدم رکھ دیا۔عالمی انڈر 23 چیمپئن پاکستان کے نور زمان پہلے ہی پری کوارٹر فائنل میں ناکامی کے بعدایونٹ سے باہر ہوگئے تھے ۔دوسری جانب چیمپئن شپ کے دیگر کوارٹر فائنل مقابلوں میں ٹاپ سیڈ عبداللہ الیتیمی (قطر) نے امیش نیرج چندان (ملائشیا)، سیڈ 2 ایلکس لاو (ہانگ کانگ) نے ہم وطن وانگ چی ہم، سیڈ 3 ویلانان سنتھل کمار (بھارت) نے جوا چن (ملائشیا) کو شکست دی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں