ٹاپ اینڈ ٹی ٹونٹی سیریز، 15 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان

 ٹاپ اینڈ ٹی ٹونٹی  سیریز، 15 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان

لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹاپ اینڈ ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے 15 رکنی پاکستان شاہینز سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس کی قیادت محمد عرفان خان کریں گے۔۔۔۔

وہ اب تک پاکستان کی جانب سے 9 ون ڈے اور 14 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں،یہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ 14 اگست سے 24 اگست تک آسٹریلیا کے شہر ڈارون میں کھیلا جائے گا جس میں 11 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ پاکستان شاہینز اپنا افتتاحی میچ 14 اگست کو بنگلہ دیش 'اے ' کے خلاف ٹی آئی او سٹیڈیم میں کھیلے گی۔اعلان کردہ 15 رکنی سکواڈ میں محمد عرفان خان کپتان، عبدالصمد ، احمد دانیال، فیصل اکرم، حیدر علی، معاذ صداقت، مہران ممتاز، خواجہ محمد نافع وکٹ کیپر، محمد غازی غوری وکٹ کیپر، مبصر خان، سعد مسعود، محمد سلمان مرزا، شاہد عزیز، عبید شاہ اور یاسر خان شامل ہیں، کئی ایسے کھلاڑی بھی شامل ہیں جو ماضی میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں، ان میں عبد الصمد، فیصل اکرم، حیدر علی، مبصر خان اور دیگر شامل ہیں، احمد دانیال اور محمد سلمان مرزا حالیہ بنگلہ دیش سیریز کے لیے پاکستان ٹی ٹونٹی سکواڈ کا بھی حصہ ہیں۔ ٹورنامنٹ میں شاہینز مجموعی طور پر چھ گروپ میچز کھیلیں گے جن میں 16 اگست کو سکورچرز، 18 اگست کو رینیگیڈز، 19 اگست کو کنگز مین، 20 اگست کو سٹرائیکرز اور 22 اگست کو نیپال کے خلاف مقابلے شامل ہیں۔ سیمی فائنلز اور فائنل 24 اگست کو کھیلے جائیں گے ۔ٹیم مینجمنٹ میں غلام علی ہیڈ کوچ کے فرائض انجام دیں گے جبکہ سمیع اﷲ نیازی بولنگ کوچ، منصور امجدفیلڈنگ کوچ ہوں گے ۔پی سی بی کے مطابق سکواڈ کیلئے تربیتی کیمپ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں