آسٹریلیا سے سیریز، سلمان کو فائنل ورلڈ کپ کمبی نیشن ملنے کی امید
خواہش ہے جب پریس کانفرنس میں آؤں تو بابر کاسوال نہ ہو، اس کو چھوڑ دیں اور کھیلنے دیں، وہ اپنا رول اچھی طرح نبھا رہا ہے ، قومی کپتان سیریز اہم ، پاکستان آ کر خوشی ہو رہی ، اندازہ نہیں تھا اتنی سردی ہو گی، گرم کپڑے بھی نہیں لایا، مارش،پہلا میچ آج شام 4 بجے کھیلا جائیگا
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان ،آسٹریلیا ٹی ٹونٹی سیریز کا آغاز آج سے ہو گا، تینوں میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے تمام میچز میں پہلی گیند شام 4 بجے کرائی جائے گی ۔پاکستان ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹی ٹونٹی میں کوئی بڑی چھوٹی ٹیم نہیں ہے ،آسٹریلیا کے خلاف سیریز بہت اہم ہے ، سیریز میں اپنی رہ جانے والی کمی پوری کرنے کی کوشش کریں گے ، میری خواہش ہے کہ جب پریس کانفرنس میں آؤں تو بابر کے بارے سوال نہ ہو، اس کوچھوڑ دیں اور کھیلنے دیں، ٹیم میں باقی 14 کھلاڑی ہیں ان پر بھی بات کرلیا کریں، بابراعظم اپنا رول اچھی طرح نبھا رہا ہے ، بگ بیش میں کیا ہوا ہمیں اس سے فرق نہیں پڑتا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز ہمارے لیے بہت اچھی ہے ،سیریز سے ورلڈکپ کا فائنل کمبی نیشن سامنے آئے گا ۔ عثمان طارق ورلڈکپ میں ہمارے لئے ٹرمپ کارڈ ثابت ہو سکتے ہیں۔ دوسری جانب آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے کہا ہے کہ پاکستان آ کر خوشی ہو رہی ہے ، امید ہے ورلڈکپ کی اچھی تیاری ہو گی۔دونوں کپتانوں نے سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔ آسٹریلیا کے کپتان نے کہا کہ پاکستان کی فاسٹ بالرز کی بڑی تاریخ ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہاں آنے سے پہلے زیادہ گرم کپڑے نہیں رکھے ، اندازہ نہیں تھا کہ یہاں اتنی سردی ہو گی۔مچل مارش نے کہا کہ ورلڈکپ کی تیاری کیلئے یہ سیریز بہت اہم ہے ، کچھ کھلاڑی ہمارے ساتھ اس سیریز کیلئے نہیں آئے لیکن امید ہے وہ ہمیں سری لنکا میں جوائن کرینگے ۔ پلیئنگ الیون کے حوالے سے فیصلہ میچ سے قبل کرینگے۔