پرو ہاکی لیگ، ورلڈ کپ کوالیفائنگ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان
قومی سکواڈ 20 ممبران اور چھ آفیشلزپر مشتمل ، ٹیم 2 فروری کو آسٹریلیا جائیگی
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پرو ہاکی لیگ اور ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے قومی ہاکی ٹیم کا اعلان کر دیا، قومی سکواڈ 20 ممبران اور چھ آفیشلزپر مشتمل ہوگا، ٹیم 2 فروری کو آسٹریلیا روانہ ہوگی۔ سیکرٹری ہاکی فیڈریشن رانا مجاہد اور ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کہا کہ آسٹریلیا جانے والا قومی سکواڈ ہی ورلڈ کپ کوالیفائرز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کریگا جبکہ محمد عماد بٹ گرین شرٹس کی قیادت کرینگے ۔رانا مجاہد نے بتایا کہ کھلاڑیوں کے ڈیلیز کا معاملہ حکومت کے ساتھ اٹھایا ہے ، کل تک کھلاڑیوں کے تمام بقایاجات ادا کر دئیے جائیں گے۔
پرو لیگ سکواڈ میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، گول کیپر عبداﷲ اشتیاق کی جگہ علی رضا کو شامل کیا گیا ہے جبکہ منان رضا کی جگہ عمیر ستار ٹیم کا حصہ ہوں گے ۔ ٹیم میں منیب الرحمن، علی رضا، ارشد لیاقت، محمد عبداﷲ، سفیان خان، ارباز احمد، حماد انجم، معید شکیل، غضنفر علی، ذکریا لیاقت، عمیر ستار، حنان شاہد، رانا وحید، ندیم احمد، عبدالرحمان، رانا ولید، افراز اور ابوبکر شامل ہیں۔ کپتان محمد عماد بٹ نے کہا کہ کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے ، چیزیں بہتری کی طرف جا رہی ہیں، امید ہے وزیراعظم قومی کھیل کی مزید حمایت کرینگے ۔شیڈول کے مطابق پاکستان پرو ہاکی لیگ کے دوسرے راؤنڈ میں10فروری کو آسٹریلیا، 11فروری کو جرمنی، 13 فروری کو دوبارہ آسٹریلیا جبکہ 14فروری کو جرمنی کیخلاف میدان میں اترے گا۔