کرکٹ بورڈ کا لیول ٹو امپائرنگ کورس اختتام پذیر
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام چار روزہ پی سی بی لیول ٹو امپائرنگ کورس 14 سے 17 مئی تک قذافی سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوا، جس میں 65امیدواروں نے شرکت کی۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق تمام امیدوار لیول ون کورس مکمل کرنے کے بعد اس مرحلے کے لیے کوالیفائی ہوئے تھے ۔کورس کے دوران ٹریننگ سیشنز، تحریری امتحان اور انٹرویوز کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا مقصد معیاری اور باصلاحیت امپائرز کو پی سی بی کے امپائرز پینل کا حصہ بنانا تھا۔آئی سی سی ایلیٹ پینل کے امپائر احسن رضا اور آئی سی سی ایمر جنگ پینل کے امپائر آصف یعقوب نے کورس کے انسٹرکٹرز کے فرائض انجام دئیے ۔ احسن رضا کا کہنا تھا کہ پروگرام کے دوران کئی باصلاحیت امیدوار سامنے آئے ، جبکہ امیدواروں کی معلومات، کمیونیکی شن سکلز اور مجموعی شخصیت بھی متاثر کن رہی۔