احمدپورسیال :گندے پانی نے سکول جانے والی گلی کو تالاب بنا دیا
احمد پور سیال (نمائندہ دنیا) گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول چک نمبر 8/3 ایل گرڈ کے سامنے سے گزرنے والی گلی گندے پانی میں ڈوب گئی، جس کے باعث سکول کے بچوں اور اہل علاقہ کے لیے آمدورفت مشکل ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق گندے پانی کا نالہ کئی سال سے بند پڑا ہے ۔ اہل علاقہ کی جانب سے متعدد مرتبہ متعلقہ حکام کی توجہ اس مسئلے کی طرف مبذول کرائی گئی، تاہم کوئی شنوائی نہ ہو سکی۔ ایک سو سے زائد گھروں پر مشتمل یہ آبادی ہر سال اس موسم میں تالاب کا منظر پیش کرنے لگتی ہے ۔ مقامی زمیندار گرمیوں میں اسی گندے پانی سے دھان کی فصل سیراب کرتے ہیں، لیکن سردیوں میں پانی کی ضرورت نہ ہونے کے باعث نالہ بند کر دیتے ہیں، جس سے مقامی آبادی میں نکاسی آب کا مسئلہ سنگین ہو جاتا ہے اور گلیاں گندے پانی میں ڈوب جاتی ہیں۔اہل علاقہ نے اسسٹنٹ کمشنر احمد پور سیال غزالہ اصغر سے مسئلے کے فوری حل کا مطالبہ کرتے ہوئے تجویز دی ہے کہ نالے کے آخری سرے پر موجود سرکاری اراضی کا کچھ حصہ پانی کی نکاسی کے لیے مختص کر دیا جائے تو یہ مسئلہ فوری طور پر حل ہو سکتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments