متحدہ کاکے الیکٹرک لائسنس منسوخ کرنے کا مطالبہ

متحدہ کاکے الیکٹرک لائسنس منسوخ کرنے کا مطالبہ

نااہل ترین ادارہ کو کراچی کے شہریوں پر ظلم کرنے کا لائسنس دے دیا گیا شہر کے کئی علاقوں میں 21، 21 گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے ،ترجمان کا بیان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شدید گرمی میں مختلف علاقوں میں 21 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ پر ایم کیو ایم نے وزیراعظم شہباز شریف سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے اور کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرنے کا مطالبہ دیا۔ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک ایک نااہل ترین ادارہ بن چکا ہے جسے کراچی کے شہریوں پر ظلم کرنے کا لائسنس دے دیا گیا ہے ۔ ادارہ اپنی نااہلی چھپانے کے لیے بجلی چوری جیسے الزامات کا سہارا لیتا ہے ۔ترجمان کا کہنا تھا کہ شہر کے کئی علاقوں میں 21، 21 گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے ۔

یہاں تک کہ جو علاقے لوڈشیڈنگ فری قرار دیے گئے تھے ، وہاں بھی بدترین کٹوتی کی جا رہی ہے ۔ شدید گرمی کے دوران بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ شدید ذہنی اذیت اور مشکل کا شکار ہیں۔ ایم کیو ایم نے افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان میں سب سے مہنگی بجلی استعمال کرنے والے کراچی کے شہری بنیادی سہولت سے محروم ہیں، جبکہ کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی کے آگے تمام حکمران بے بس نظر آتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ کے الیکٹرک نے نااہلی اور غنڈہ گردی کی تمام حدیں عبور کر لی ہیں۔ایم کیو ایم پاکستان نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کے شہریوں پر ہونے والے اس ظلم کا ازخود نوٹس لیا جائے اور بجلی کی فراہمی کا ذمہ کسی اہل کمپنی کے سپرد کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں