حاجی کیمپ میں انتظامات اور سہولتیں مزید بہتر کرنے کا حکم
حاجی کیمپ میں انتظامات اور سہولتیں مزید بہتر کرنے کا حکم ٹیم ورک کے تحت نظام اور ویکسی نیشن کاؤنٹرز پر رش کو کنٹرول کریں، کمشنر
ملتان (وقائع نگار خصوصی)کمشنر عامر کریم خاں حاجی کیمپ اورتربیتی مرکز کا دورہ، انتظامات کا جائزہ لیا اور سہولتیں مزید بہتر کرنے کا حکم دیا ۔ تمام افسران اور عملے میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔تفصیلات کے مطابق جب کمشنر عامر کریم خان حاجی کیمپ پہنچے تو ڈائریکٹر حج ملتان ریجن عباس کھوکھر نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر ایئرپورٹ منیجر سمیت دیگر متعلقہ افسر بھی موجود تھے ۔ کمشنر عامر کریم خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب ان افراد کے اعزاز میں منعقد کی گئی ہے جو حجاج کرام کی خدمت میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری نظام میں اکثر لوگوں کی خدمات کا اعتراف کم کیا جاتا ہے ، تاہم ایسی تقریبات سے حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور کارکردگی مزید بہتر ہوتی ہے ۔انہوں نے تمام متعلقہ عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حجاج کرام کی سہولت کے لیے کام کرنے والے افراد مبارکباد کے مستحق ہیں۔ کمشنر نے ویکسی نیشن کاؤنٹرز پر رش کو کنٹرول کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے عوام سے بھی تعاون کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک مشترکہ ٹیم ورک ہے جس میں تمام ادارے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ڈائریکٹر حج نے بتایا کہ اس آپریشن کے لیے حکومت کی جانب سے کوئی علیحدہ فنڈ مختص نہیں کیا جاتا اور نہ ہی حجاج کرام سے اضافی رقم لی جاتی ہے ، بلکہ یہ سہولیات مخیر حضرات کے تعاون سے فراہم کی جاتی ہیں۔