فاروقہ میں ریڑھی بازار کیلئے قرعہ اندازی کا فیصلہ کر لیا گیا
فاروقہ میں ریڑھی بازار کیلئے قرعہ اندازی کا فیصلہ کر لیا گیا 16ریڑھیاں دفتر بلدیہ کے حوالے ، تقسیم قرعہ اندازی سے کی جائے گی
فاروقہ/سرگودھا (نمائندہ دنیا)تحصیل انتظامیہ نے فاروقہ میں ریڑھی بازار لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے ، جس کے سلسلے میں اعلانات بھی کر دیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایک درجن سے زائد ریڑھیاں اینٹی انکروچمنٹ کارروائی کے دوران تحویل میں لے لی گئی تھیں، جس کے باعث درجنوں خاندان بے روزگار ہو گئے تھے ۔ ریڑھیوں کی پکڑ دھکڑ کے خلاف انجمن تاجران اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان مسلسل آواز اٹھا رہے تھے ۔ اس صورتحال پر حلقہ کے ایم پی اے تیمور خان نے تحصیل انتظامیہ سے ریڑھی بازار لگانے کا مطالبہ کیا، جس پر حکومتِ پنجاب کی جانب سے 16 ریڑھیاں دفتر بلدیہ کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق ریڑھی حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کی تعداد سو سے زائد ہے ۔ انکروچمنٹ آفیسر مہر ممتاز نے بتایا کہ ریڑھیوں کی تقسیم قرعہ اندازی کے ذریعے کی جائے گی اور خوش قسمت افراد کو ہی ریڑھیاں دی جائیں گی۔