پولیس کا منشیات فروشوں کیخلاف گرینڈ آپریشن، 5 ملزم گرفتار
ظفر سے ایک کلو 390 گرام چرس برآمد ،تصور، زاہد، آفتاب اور بلال سے شراب ملی
46 اڈا (نمائندہ دنیا)معاشرتی ناسور منشیات کے خلاف پولیس کا گرینڈ آپریشن، تھانہ عطاشہید پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 5 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا اور بھاری مقدار میں چرس و شراب برآمد کر لی۔ڈی پی او سرگودھا توقیر محمد نعیم کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ایس ایچ او تھانہ عطاء شہید اسد حیات بھوانہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم ظفر کے قبضے سے ایک کلو 390 گرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ ملزم تصور، زاہد، آفتاب اور بلال کے قبضے سے مجموعی طور پر 240 لٹر شراب برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔اس موقع پر ڈی پی او سرگودھا توقیر محمد نعیم نے کہا کہ منشیات فروش نوجوان نسل کی رگوں میں زہر گھول رہے ہیں، جن کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ضلع بھر میں منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت مسلسل کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments