سیکیورٹی اہلکاروں، غیر ملکی مبصرین اور انتخابی عملہ کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

اسلام آباد (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی اہلکاروں، غیر ملکی مبصرین اور انتخابی عملے کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔ انتخابات کے روز سیکورٹی اہلکاروں کی پولنگ سٹیشن میں داخلے پر پابندی جبکہ کسی غیر ملکی مبصر کو انفرادی حیثیت میں میڈیا پر تبصرہ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کیلئے جو ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے اس کے مطابق الیکشن کے روز سیکورٹی حکام ریٹرننگ افسر، پریزائیڈنگ افسر کے احکامات پر عمل کے پابند ہوں گے۔ سیکیورٹی اہلکاروں کے پولنگ سٹیشن میں داخلے پر پابندی ہوگی۔ پریزائیڈنگ افسر کی ہدایت پر سیکیورٹی اہلکار پولنگ اسٹیشن میں داخل ہوسکیں گے۔ سیکیورٹی اہلکار پولنگ اسٹیشن کے باہر امن و امان قائم کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے الیکشن میٹریل کی ترسیل اور حفاظت کے بھی ذمہ دار ہوں گے اور ووٹرز کو قطار میں کھڑا کریں گے۔ ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ بزرگ اور معذور افراد کو قطار میں نہیں کھڑا کیا جائے گا۔ انتخابی عملے کیلئے بھی ضابطہ اخلاق جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق تمام انتخابی عملہ غیر جانبدارانہ طریقے سے ڈیوٹی انجام دے گا۔ ضابطہ اخلاق میں بتایا گیا ہے کہ انتخابی عملہ۔، امیدواروں، سیاسی جماعتوں،ووٹرز کے ساتھ تعصب کے بغیر برتاؤ کرنے کا پابند ہوں گا۔ غیر ملکی مبصرین کیلئے جاری کردہ ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی مبصرین پاکستان کی خودمختاری، قوانین کا احترام کرنے پابند ہوں گے۔ غیر ملکی مبصرین بالواسطہ یا بالواسطہ انتخابی عمل میں رکاوٹ پیدا کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے۔ کسی غیر ملکی مبصر کو انفرادی حیثیت میں میڈیا پر تبصرہ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر غیر ملکی مبصرین کو جاری ایکریڈیٹیشن کارڈ منسوخ کردیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں