28جنوری کو یاسین ملک کو سزا کا خطرہ : اہلیہ مشعال
راولپنڈی(خبرنگار)کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ 28 جنوری کو یاسین ملک کو سزا سنانے کا خطرہ ہے، ان کی جان لینے کی کوشش ہوئی تو وہ دھماکا ہوگا کہ سب ہاتھ ملتے رہ جائینگے۔
مودی کی پالیسیاں پوری دنیا کے امن کیلئے خطرہ ہیں۔ اگر کلبھوشن کا مقدمہ عالمی عدالت لے جایا جاسکتا ہے تو حکومت یہ مقدمہ بھی وہاں لے کر جا سکتی ہے ۔کشمیری حریت رہنما کے آزاد ہونے تک ہم بھارت سے کوئی ہینڈ شیک قبول نہیں کریں گے ۔یوم حق خود ارادیت کے موقع پر راولپنڈی پریس کلب کے باہر شہر کے تاجر نمائندوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں مشعال ملک کا کہنا تھا کہ حریت رہنما یاسین ملک کو بچانے کیلئے نومبر سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا ہے ،ہم گلی محلے جا کر عوام کو یاسین ملک کے حوالے سے آگاہ کررہے ہیں۔ نریندر مودی، اجیت دوول،راہول گاندھی سے مخاطب ہوں کہ یہ ایشو بارود کے ڈھیر پر کھڑا ہے ، اگر یہ بارود پھٹ گیا تو اسکا ذمہ دار صرف مودی ہو گا۔