گل پلازہ ، وفاق انکوائری کرے تو قابل اطمینان ہو گی ،حیدر رضوی

 گل پلازہ ، وفاق انکوائری کرے تو قابل اطمینان ہو گی ،حیدر رضوی

وزیر اعظم کو خط لکھا جس میں وفاق سے ہائی پاور کمیٹی کی درخواست کی ہے کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی سیاست ہو رہی ، شرمیلا فاروقی ، دنیا مہر بخاری

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ چیئرمین ایم کیو ایم خالد مقبول نے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھا ہے جس میں ہم نے سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کیلئے وفاق سے ہائی پاور کمیٹی کی درخواست کی ہے ، کیونکہ سانحہ گل پلازہ میں سندھ حکومت اس وقت مورد الزام ہے سنگین مجرمانہ ،پیشہ ورانہ غفلت کی ،لہذا وفاقی حکومت کو چاہئے کہ سانحہ گل پلازہ کی ایک تفصیلی انکوائری کرے ۔دنیا نیوز کے پروگرام‘‘ دنیامہر بخاری کے ساتھ ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اگر انکوائری وفاق کرتا ہے تو ہم اس کو قابل اطمینان سمجھیں گے ،ورنہ سندھ حکومت کی جوا نکوائری ہے وہ سب کے سامنے ہے اس میں انہوں نے معصوم بچے کوآگ کا ذمہ دار ٹھہرا دیا ۔ پی پی پی رہنما شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ میں ایم کیو ایم کی ڈیمانڈ پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتی،بدقسمتی یہ ہے کہ ایم کیو ایم کراچی کے معاملے پر سیاست نہ کرے ، ان کی سیاست نہیں چمکے گی۔ یہ سیاست ہورہی ہے کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کر دیا جائے ،لاشوں پر سیاست بند ہونی چاہئے ،یہ بہت بڑا سانحہ ہوا ، بوری بند لاشوں سے لے کر آج تک یہ چیزیں بند ہونی چاہئیں،ہماری حکومت خطرے میں ہے یا نہیں یہ وقت بتائے گا،ایم کیو ایم کی دیرینہ خواہش ہے کہ کراچی الگ صوبہ بن جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں