معدنیات سے مالا مال علاقوں کی آبادی کے مفادات کی  حفاظت کرینگے:وزیراعلیٰ سندھ

معدنیات  سے  مالا  مال  علاقوں  کی آبادی  کے  مفادات  کی  حفاظت  کرینگے:وزیراعلیٰ سندھ

سندھ ملکی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے کھلا،معدنی دولت کوترقی اور عوامی خوشحالی میں تبدیل کرنا ہے ،مرادعلی شاہ گرینائٹ، خام لوہا، سنگ مرمر، چونا پتھر، سیلیسٹائٹ، چائنا کلے ، سلیکا سینڈ،نمک میں سرمایہ کاری مواقع موجود،اجلاس

کراچی (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ معدنیات کے شعبے میں صنعتی ترقی، توانائی کے تحفظ کو مضبوط بنانے ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے ، سندھ ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے کھلا ہے اور حکومت کا حتمی مقصد سندھ کی معدنی دولت کو پائیدار معاشی ترقی، صنعتی فروغ، مقامی روزگار اور عوامی خوشحالی میں تبدیل کرنا ہے ، تاہم اس کے ساتھ ماحولیات کا تحفظ اور معدنی وسائل سے مالا مال علاقوں میں رہنے والی مقامی آبادی کے مفادات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے سندھ میں کوئلے اور دیگر معدنی وسائل، جاری کان کنی کے منصوبوں اور ملکی و بین الاقوامی سرمایہ  کاری کے مواقع کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر معدنیات سردار علی شاہ نے حکومتی حکمت عملی پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کوئلے کے علاوہ مختلف معدنیات  میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا، جن میں گرینائٹ، خام لوہا، سنگِ مرمر، چونا پتھر، سیلیسٹائٹ، چائنا کلے ، سلیکا سینڈ اور جھیلوں سے حاصل ہونے والا نمک شامل ہیں۔ ضلع تھرپارکر کے علاقے نگرپارکر میں گرینائٹ کے ذخائر موجود ہیں، جہاں تعمیراتی پتھر، آرائشی مصنوعات اور پتھر کی کٹائی و پالش کی صنعتوں کے قیام کے وسیع مواقع ہیں۔ ٹھٹھہ، جامشورو اور تھرپارکر میں خام لوہے کے ذخائر اسٹیل سے متعلق صنعتوں، معدنیات کی تلاش اور خام مال کو بہتر بنانے کے منصوبوں کے لیے اہم صلاحیت رکھتے ہیں۔ٹھٹھہ اور جامشورو میں سنگِ مرمر کے ذخائر سے تیار شدہ پتھر کی مصنوعات بنانے کے مواقع موجود ہیں، جبکہ خیرپور، دادو، جامشورو، سکھر، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور کراچی میں چونا پتھر کے ذخائر سیمنٹ اور تعمیراتی صنعتوں کی ضروریات پوری کر سکتے ہیں۔ جامشورو میں سیلیسٹائٹ، تھرپارکر میں چائنا کلے ، جامشورو اور ٹھٹھہ میں سلیکا سینڈ، جبکہ دادو، سانگھڑ اور تھرپارکر میں جھیلوں کے نمک کے ذخائر میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔مرادعلی شاہ نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو صرف خام معدنیات نکالنے تک محدود رہنے کے بجائے پراسیسنگ اور مینوفیکچرنگ کی صنعتیں قائم کرنے کی ترغیب دینا چاہتی ہے ، تاکہ ملک کے اندر زیادہ معاشی قدر پیدا ہو، روزگار کے مواقع بڑھیں اور برآمدات کو فروغ ملے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...