"MIK" (space) message & send to 7575

اِس غم کو مار ڈالو!

آپ نے دیکھا ہو تو دیکھا ہو، ہم نے کہیں بھی نہیں دیکھا کہ کوئی ناسُور کو گلے لگائے اور اُس پر فخر بھی کرے۔ یہ ہم ہی ہیں کہ اپنے لیے مسائل پیدا کرتے ہیں، اُن کا رونا روتے ہیں اور آخر میں اُن پر فخر کرنا شروع کردیتے ہیں۔ ایک کیا، بیسیوں مثالیں مل جائیں گی۔ ذرا اپنے ''مثالی‘‘ ماحول پر نظر تو ڈالیے۔ مسائل میں ایسی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے کہ غالبؔ بے ساختہ یاد آتے ہیں ؎ 
روز اِس شہر میں اِک حکم نیا ہوتا ہے 
کچھ سمجھ میں نہیں آتا ہے کہ کیا ہوتا ہے
دو عشرے ہونے کو آئے ، بجلی نے قوم پر ''وختا‘‘ ڈالا ہوا ہے۔ اللہ ہر قوم کو اُس کے اعمال کی مناسبت سے عذاب دیتا ہے۔ ہم پر بجلی اور پانی کا عذاب اُترا ہے۔ اور ہمارے اعمال ایسے ہیں کہ اِس عذاب کا تسلسل ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔ 
بجلی اللہ کی بنائی ہوئی ہو یا انسانوں کی ہر دو اقسام نے قسم کھا رکھی ہے کہ انسانوں کو صرف تباہی سے دوچار کرنا ہے۔ آسمان سے نازل ہونے والی بجلی تو پل بھر میں بھسم کر ڈالتی ہے۔ انسانوں کی بنائی ہوئی بجلی میں وہی تاثیر پائی جاتی ہے جو انسانوں کے مزاج کا حصہ ہے یعنی تڑپا تڑپاکر مارو! بجلی تاروں سے گزرتی ہوئی یوں آتی ہے کہ ہم جاں سے گزر جاتے ہیں۔ جنرل (ر) خالد محمود عارف نے اپنے محبوب کے ''اوصاف‘‘ بیان کرتے ہوئے کہا ہے ؎ 
یہ بھی اُس کی مہربانی ہے کہ وہ 
مار تو دیتا ہے، تڑپاتا نہیں
مگر یہ بات شاید بجلی نے یا بجلی کی وزارت والوں نے نہیں سُنی۔ نتیجہ یہ ہے کہ تڑپائے جاتے ہیں اور مرنے نہیں دیتے۔ 
ایک عشرے سے زائد مدت گزری، بجلی نے حکمرانوں اور عوام دونوں کا ناک میں دم کر رکھا ہے۔ حکمرانوں کا حال یہ ہے کہ بجلی کے ہاتھوں بار بار خِفّت اور ذِلّت کا شکار ہوتے ہیں۔ وطنِ عزیز میں لے دے کر ایک بجلی ہے جس میں اِتنا دم خم ہے کہ حکمرانوں کو پریشان اور نادم کرسکے! عوام بھی کم پریشانی اور خواری نہیں جھیلتے مگر یہ سوچ کر خوش رہتے ہیں کہ حکومت کو شرمندہ کرنے والا کوئی تو مسئلہ وطن کی سرزمین پر پایا جاتا ہے! 
پانی و بجلی کے وفاقی وزیر خواجہ آصف بھی بجلی کی ستم ظریفی سے محفوظ نہیں۔ طلب و رسد کے بڑھتے ہوئے فرق نے وزارت کا سارا مزا ہی خراب کردیا ہے۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے خواجہ آصف کو وزیر دفاع شاید یہی سوچ کر بنایا ہوگا کہ پانی و بجلی کے وزیر کی حیثیت سے اُن کا بیشتر وقت اپنا اور وزارت کا دفاع کرنے ہی میں گزرتا ہے۔
پورا ملک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور پھر ماہِ صیام کی صبر آزما ساعتیں بھی چل رہی ہیں۔ ایسے میں بجلی نے وزیر موصوف پر ستم ڈھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ شارٹ فال میں اضافے سے خواجہ صاحب کا پارہ شُوٹ اپ کرگیا۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے موصوف نے فرمایا کہ بجلی کا نظام اللہ کی مدد سے چل رہا ہے، اللہ کی مدد آئے گی تو بجلی کا نظام بھی درست ہوسکے گا۔ 
بات بجلی کا نظام چلانے میں اللہ کی مدد کے ذکر پر ختم نہیں ہوئی، پانی و بجلی کے وفاقی وزیر نے بجلی کے بحران پر قوم سے معافی بھی مانگ لی۔ صحافی چند لمحات کے لیے مطمئن ہوگئے کہ ؎ 
راہ پر اُن کو لگا لائے تو ہیں باتوں میں 
اور کُھل جائیں گے دو چار ملاقاتوں میں
جب سے پاکستان بنا ہے، حکومتوں کی توانائی کا بڑا حصہ ٹرینوں کو بہتر انداز سے چلانے میں خرچ ہوتا آیا ہے۔ لوگ کو ملک کے ایک حصے سے دوسرے حصے میں جانے سے فرصت نہیں اور سارا بوجھ حکومت پر ڈالا ہوا ہے کہ اُن کے لیے ٹرینیں چلاتی رہے۔ یہ تو ستم بالائے ستم والا معاملہ ہوا۔ حکومتوں کے لیے سب سے بڑا کام اپنے آپ کو چلتا رکھنے کا ہے! اب ایسے میں ریلوے کی وزارت کو چالو حالت میں رکھنا اور قوم کے لیے پانی و بجلی کی فراہمی کا اہتمام مُفت کا دردِ سَر ہے۔ اگر منتخب حکومت ایسے چھوٹے موٹے کاموں میں اُلجھی رہے گی تو بڑے کام کیسے کر پائے گی؟ افغانستان سے سیکھا جاسکتا ہے کہ اُس نے ٹرینوں کا چَکّر پالا ہی نہیں۔ ریلوے کی وزارت ہوگی اور ٹریک پایا جائے گا تو لوگ ٹرینیں چلانے کا مطالبہ بھی کریں گے۔ دیکھ لیجیے کہ ریلوے کے بغیر بھی افغانستان چل ہی رہا ہے، بلکہ سُپر پاورز کو ناکوں چنے چَبوا رہا ہے!اس لیے اگر ہمیں ترقی کی دوڑ میں آگے بڑھنا ہے تو پہلے مرحلے میں ریلوے سے نجات حاصل کرنی ہوگی تاکہ حکومت کوئی ڈھنگ کا کام کرنے کے قابل ہوسکے! دوسرے مرحلے میں بجلی و پانی کی وزارت کا خاتمہ لازم ہے۔ کسی بھی منتخب حکومت کو مُفت کی اور دائمی خفت سے بچانے کا ایک موثر طریقہ یہی ہوسکتا ہے۔ جب تک بجلی اور پانی کی وزارت باقی ہے، جمہور کے ہاتھ میں ڈگڈگی رہے گی جسے بجا بجاکر وہ حکومت کو ناچنے پر مجبور کرتے رہیں گے۔ 
کسی نے خوب کہا ہے ؎ 
ہم کو بھی غم نے مارا، تم کو غم نے مارا 
ہم سب کو غم نے مارا، اِس غم کو مار ڈالو
بجلی و پانی کی فراہمی کا اہتمام کرنا بھی وہ غم ہے جس کا گلا گھونٹنا ہی پڑے گا۔ اچھا ہے کہ یہ ٹنٹا ختم ہوجائے۔ پانی اور بجلی جیسے معمولی اور غیر اہم معاملات سے گلو خلاصی ہوگی تو ہماری حکومتیں کوئی ڈھنگ کا کام کر پائیں گی، عالمی سطح پر کچھ نام کما پائیں گی۔ 
ریلوے اور پانی و بجلی کے انتظام و انصرام سے نجات پانا کون سا مشکل کام ہے؟ صحتِ عامہ کے معاملے میں بھی تو حکومت نے اپنا دردِ سَر ختم کرہی دیا ہے۔ اب یہ معاملہ پرائیویٹ میڈیکل پریکٹس کے ہاتھ میں ہے۔ لوگ زندہ ہیں تو بیمار بھی پڑتے رہیں گے۔ حکومت کب تک اُن کا علاج کراتی پھرے؟ صحتِ عامہ کی سہولتیں ختم کرنے پر بھی لوگ اپنا علاج کرا ہی رہے ہیں نا۔ ٹرینیں نہیں ہوں گی تو لوگ سفر کے متبادل ذرائع کو بنیادی ذرائع میں تبدیل کرلیں گے۔ یہی حال پانی و بجلی کا ہے۔ گھر گھر جنریٹرز ہوں گے تو بجلی پیدا کی جاتی رہے گی اور حکومت سُکون کا سانس لیتی رہے گی۔ 
ہر حکومت کی چند ایک ترجیحات ہوتی ہیں۔ ہم اُس پر اپنی ترجیحات تھوپنا چاہتے ہیں۔ یہ غلط ہے۔ یہ کوئی اچھی بات تو نہیں کہ حکومت کا بیشتر وقت اپنے آپ کو بچانے میں اور ہر معاملے کی صفائی پیش کرنے میں گزرے۔ چند ایک بنیادی ذمہ داریاں ختم کردی جائیں گی تو منتخب حکومتیں سُکون سے، اپنی ترجیحات کے مطابق کام کرسکیں گی! 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں