سائٹ صنعتوں کو بجلی کی فراہمی متاثر، بھاری مالی نقصان
طویل عرصے کے لئے متبادل انتظامات ممکن نہیں ہیں ،صدر احمد عظیم علوی بجلی چوروں کیخلاف کارروائی وجہ ،کے الیکٹرک حکام،جلد بحالی کی یقین دہانی
کراچی(بزنس ڈیسک)سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی نے صنعتوں کی جانب سے 10 سے 15 روز سے بجلی کی عدم فراہمی کی شکایات پر کے الیکٹرک کی چیف ڈسٹری بیوشن، مارکیٹنگ اینڈ کمیونی کیشن آفیسر سعدیہ دادا کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا جس کا مقصد انہیں متاثرہ صنعتوں کو بجلی کی عدم فراہمی کے مسئلے پر تفصیلی تبادلہ خیال کرنا تھا۔ اس موقع پر کے الیکٹرک کے اعلیٰ حکام کے علاوہ ایسوسی ایشن کے صدر احمد عظیم علوی، چیف کوآرڈینٹر سلیم پاریکھ، نائب صدر محمد ریاض ڈھیڈھی، سابق صدورکامران عربی، عبدالہادی،سابق سینئر نائب صدر سلیم ناگریا اور متاثرہ صنعتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ صدر احمد عظیم علوی نے کے الیکٹرک حکام کو آگاہ کیا کہ صنعتیں دو ہفتوں سے بجلی سے محروم ہیں اور اتنے طویل عرصے کیلئے متبادل انتظامات ممکن نہیں جس کے باعث صنعتوں کو شدید مشکلات اور بھاری مالی نقصانات کا سامنا ہے ۔
کے الیکٹرک حکام نے وضاحت کی کہ موجودہ بحران تکنیکی خرابی نہیں بلکہ دو صنعتی فیڈرز پر بڑے پیمانے پر بجلی چوری کے خلاف قانونی کارروائی کا نتیجہ ہے جہاں بجلی چوری کا ایک وسیع اور پیچیدہ نیٹ ورک موجود تھا جس کے باعث نہ صرف صنعتیں بلکہ خود کے الیکٹرک بھی مشکلات سے دوچار ہے ۔کے الیکٹرک حکام نے بتایا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے اس غیر قانونی عمل کا مستقل خاتمہ کیا جا سکے اور صنعتی علاقوں میں بجلی کی فراہمی جلد بحال ہو۔چیف ڈسٹری بیوشن، مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن آفیسر سعدیہ دادا نے صنعتکاروں سے تعاون کی درخواست کی اور یہ یقین دہانی کرائی کہ تمام متاثرہ صنعتوں کو بجلی کی فراہمی کل تک بحال کر دی جائے گی۔اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ سائٹ کے دفتر میں کے الیکٹرک سے متعلق اراکین کے مسائل کے حل کے لیے ہیلپ ڈیسک قائم کی جائے گی جس کے شیڈول اور اوقات کار کا تعین باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔