پاک،ملائیشیا تجارتی حجم میںاضافہ ہورہا،قونصل جنرل
کراچی(این این آئی)ملائیشین قونصل جنرل ہرمن ہردیناتا احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تجارت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔
وزیر اعظم ملائیشیا کے دورے کے بعد حکومتی سطح پر مذاکرات جاری ہیں جس میں پاکستانی مصنوعات کی تعداد بڑھانے پر تبادلہ خیال جاری ہے تاکہ دوطرفہ تجارت کا توازن برابر ہو۔ پاکستان سے پام آئل کے علاوہ گوشت، حلال فوڈ،فارما سیوٹیکل مصنوعات اور آئی ٹی میں تجارت کا فروغ ممکن ہے ۔کاٹی کے دورے پر ملائیشین قونصل جنرل نے کہا کہ ملائیشیا میں 1960 سے اسلامک بینکنگ کا آغاز ہوا جس کے بعد سے حکومت کی ترجیح اسلامی فنانسنگ، شریعہ کمپلائنس اور ہر شعبے میں حلال سرٹیفکیشن لازمی قرار دیا جاچکا ہے ۔ ملائیشیا میں تمام تجارت اسلامی اصولوں کے مطابق کی جاتی ہے ،یہی وجہ ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں۔