روس تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہشمند
سیالکوٹ(اے پی پی)پاکستان میں تعینات روسی سفیر البرٹ پی خوریف نے سیالکوٹ چیمبر کا دورہ کیا۔
صدر سیالکوٹ چیمبرسید احتشام مظہر نے روسی سفیر کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر سیالکوٹ چیمبر کے آڈیٹوریم میں اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے روسی سفیر البرٹ پی خوریف نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ باہمی تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے اور اس سلسلے میں تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے سنجیدہ اور مخلصانہ کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے برآمد کنندگان میں روسی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے اور اپنی اعلیٰ معیار کی روایتی اور غیر روایتی مصنوعات برآمد کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دس سے پندرہ برسوں کے دوران پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی حجم میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اگر تجارتی رکاوٹیں ختم کر دی جائیں تو آئندہ برسوں میں یہ حجم دوگنا ہو سکتا ہے ۔