گوادر پورٹ کاخطے کی معیشت میں کلیدی کردار، ناصر خان جنجوعہ
مستقبل میں عالمی تجارت کا رخ پاکستان کی جانب ہوگا،سابق نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر معیشت میں کلیدی کردار، لاہور چیمبر، گوادر جمخانہ کیساتھ مفاہمتی یاداشت پر دستخط
لاہور (آن لائن) سابق نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں بلوچستان کی اصل اہمیت کو ابھی تک مکمل طور پر نہیں سمجھا گیا، حالانکہ یہی صوبہ ملک کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ گوادر اور چاہ بہار دراصل ایشیا کے دروازے ہیں اور مستقبل میں عالمی تجارت کا بڑا رخ پاکستان، خصوصاً گوادر کی جانب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پنجاب نے ملک کو سنبھالنے میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کیا اور دیگر صوبوں نے بھی اپنا حصہ ڈالا، تاہم پاکستان کی حقیقی معاشی ترقی بلوچستان سے وابستہ ہے ۔ گوادر میں پیدا ہونے والے نئے مواقع نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیں گے بلکہ پورے ملک کی معیشت کو مستحکم کریں گے ۔ لاہور چیمبر میں منعقدہ سیشن میں صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ لاہور چیمبر اور گوادر جمخانہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے ۔ ناصر جنجوعہ نے مزید کہا کہ پاکستان جغرافیائی لحاظ سے ایک انتہائی اہم ملک ہے جبکہ بھارت، ایک بڑا ملک ہونے کے باوجود جغرافیائی طور پر محدود ہے اور وسطی ایشیا و یورپ تک رسائی کے لیے اسے پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے حوالے سے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور اب دنیا کو واضح پیغام دیا جا چکا ہے کہ پاکستان کے ساتھ متوازن اور باوقار تعلقات ہی سب کے مفاد میں ہیں۔