ستارہ پٹرولیم کے آئی پی او کی بک بلڈنگ 10منٹ میں کیپ پرائس تک پہنچ گئی
کراچی(بزنس ڈیسک)ستارہ پٹرولیم سروس لمیٹڈ کے آئی پی اوکی بک بلڈنگ صرف 10منٹ میں 18.90روپے کی کیپ پرائس تک پہنچ گئی جو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں کیپ پرائس تک پہنچنے والی تیز ترین بل بلڈنگ ٹرانزیکشن ہے ۔
یاد رہے کہ بک بلڈنگ 4 اور 5 مئی دو روز کیلئے جاری رہے گی ۔سرمایہ کاروں کی غیر معمولی دلچسپی کی وجہ سے یہ اجرا ریکارڈ وقت میں مکمل طورپر سبسکرائب ہوگیاجو بڑے انفرادی اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی جانب سے کیپ پرائس پر مضبوط طلب کی عکاسی ہے ۔ کیپ لیول تیزی سے قیمت کے تعین سے ستارہ پٹرولیم کے کاروباری اسٹرکچر، قابلِ توسیع فیول اسٹیشن مینجمنٹ ماڈل اور پاکستان کے آئل مارکیٹنگ ایکو سسٹم کو سپورٹ فراہم کرنے والی اس کی بڑھتی ہوئی لاجسٹکس اور فلیٹ آپریشنز پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا اظہار ہے ۔ ستارہ پٹرولیم سروس آئی پی او میں 279.9ملین شیئرز کی پیشکش کررہی ہے جو کمپنی کے مجموعی سرمائے کا 16.66فیصدہے ۔آئی پی او سے حاصل ہونے والی رقم کمپنی کے ریٹیل فیول اسٹیشن نیٹ ورک اور لاجسٹکس فلیٹ کی توسیع پر خرچ کی جائے گی۔ ٹرانزیکشن کے لیڈ منیجر اور بک رنر عارف حبیب لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد علی حبیب نے سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت پر شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ عارف حبیب لمیٹڈ پر اعتماد پر ہم تمام سرمایہ کاروں کے مشکور ہیں۔