پاک فوج کی قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ، کمشنر
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)یومِ دفاع اور یومِ فضائیہ کے موقع پر کمشنر فیصل آباد ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے اپنے پیغامات میں مادرِ وطن کے جانثاروں اور بہادر افواج کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا یوم دفاع اورفضائیہ پاک افواج کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے ۔ 1965ء کی جنگ میں ہماری افواج نے اپنے سے چھ گنا بڑے دشمن کو شکستِ فاش دے کر ناقابلِ تسخیر عزم اور ولولے کی نئی مثال قائم کی۔ ملکی دفاع میں ہمارے شہداء اور غازیوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کر کے وطنِ عزیز کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ کمشنر نے کہا پاک فوج کی قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہیں، معرکہ حق میں بھی افواجِ پاکستان نے دشمن کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا اور آج بھی وطن کی حفاظت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔یومِ فضائیہ کے حوالے سے کمشنر نے کہا یہ تاریخی دن ہمیں پاک فضائیہ کے جانباز سپوتوں کی جرات اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ۔ پاک فضائیہ کے شہداء نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ان کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔راجہ جہانگیر انور نے کہا پاک فضائیہ نے بانی پاکستان قائداعظم ؒکے وژن کے مطابق اپنے آپ کو اعلیٰ اور پیشہ ور ادارے کے طور پر منوایا ہے ۔ آج اسکی پیشہ ورانہ مہارت دنیا کی کسی بھی فضائیہ سے کم نہیں۔ 1965ء کی جنگ میں پاک فضائیہ کے جوانوں کی شجاعت تاریخ کا روشن باب ہے جبکہ حالیہ تاریخ میں بھی پاک فضائیہ نے بھارت کیخلاف آپریشن بنیان مرصوص میں فیصلہ کن کردار ادا کر کے دنیا بھر میں پاکستان کا وقار بلند کیا۔