سیالکوٹ:بارش سے چھت گر گئی ‘بچوں سمیت 8افراد متاثر
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )نواحی قصبہ چونڈہ کے محلہ شاہ الٰہ داد میں حالیہ بارش کے دوران محنت کش ابراہیم کے مکان کی چھت منہدم ہو گئی ،
حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 8افراد ملبے تلے دب گئے ۔عینی شاہدین کے مطابق واقعہ کے فوراً بعد اہلِ محلہ بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے تمام متاثرہ افراد کو ملبے سے نکال لیا۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ بعض افراد کو مزید علاج کیلئے قریبی طبی مرکز منتقل کیا گیا۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث علاقے میں متعدد خستہ حال مکانات خطرناک حالت اختیار کر چکے ہیں جس کے باعث ایسے حادثات کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔ متاثرہ خاندان کا تعلق مزدور پیشہ طبقے سے ہے اور حادثے کے نتیجے میں انہیں مالی نقصان بھی برداشت کرنا پڑا ہے ۔اہلِ علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندان کی مالی معاونت کی جائے اور بارشوں سے متاثرہ بوسیدہ مکانات کا فوری سروے کروا کر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے ۔