مریم نواز نے خدمت کی سیاست کے ریکارڈ توڑ دئیے :ذیشان رفیق
وزیر بلدیات کا حافظ آ باد ،پنڈی بھٹیاں میں جلسوں کے روٹس ، امام بارگاہوں کا دورہ
حافظ آباد(نمائندہ دنیا، نامہ نگار)صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے حافظ آباد اور پنڈی بھٹیاں میں محرم الحرام کے جلوسوں،مجالس،امام بارگاہوں اور سیف سٹی سنٹرکا دورہ کیا اور سکیورٹی سمیت صفائی،لنگر،سبیلوں کے انتظامات کا جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ کی کوآرڈ ی نیٹر سائرہ افضل تارڑ،ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق،ڈی پی او فواد احمد،چودھری تہور حسین تارڑ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل و ایڈ منسٹریٹر ایم سی خرم حمید،اسسٹنٹ کمشنر نرجس خاتون جعفری،اے سی پنڈی بھٹیاں محسن اقبال ڈھلوں بھی ہمراہ تھے ۔صوبائی وزیر نے مرکزی امام بارگاہ فوارہ چوک،امام بارگاہ حسین پورہ حافظ آباد،امام بارگاہ مردان شاہ اور چوک سراجاں پنڈی سمیت محرم جلوسوں کے مختلف روٹس کا دورہ کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے خدمت کی سیاست کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں،محرم،عید یا کوئی بھی تہوار حکومت پنجاب کی جانب سے عوام کو ماضی کی نسبت بہتر سے بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں
وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر تمام صوبائی وزرا اور سرکاری افسر محرم الحرام کے جلوسوں،مجالس کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے جلوسوں اور امام بارگاہوں کے منتظمین سے بھی ملاقات کی جنہوں نے ضلعی انتظامیہ،پولیس اور دیگر اداروں کی جانب سے بہترین انتظامات کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ صوبائی وزیر نے سیف سٹی سنٹر کے دورہ کے موقعہ پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے محرم جلوسوں،مجالس اور اہم مقامات کی مانیٹرنگ کے سسٹم کا بھی جائزہ لیا۔