لالہ موسیٰ:جی ٹی روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار،مسافروں کو مشکلات
سڑک کے مختلف حصوں میں گڑھے ،شہریوں نے تعمیراتی معیار پر سوال اٹھا دئیے
لالہ موسیٰ (نمائندہ دنیا )لالہ موسیٰ کی مرکزی شاہراہ جی ٹی روڈ ایک بار پھر جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر مسافروں کیلئے مشکلات کا باعث بن گئی ۔ سڑک کے مختلف حصوں میں گڑھے پڑ گئے ہیں جبکہ متعدد مقامات پر سڑک کی سطح ادھڑ چکی ہے جس پر شہریوں نے سڑک کی تعمیر کے معیار اور کروڑوں روپے کے اخراجات پر سوالات اٹھا د ئیے ہیں،ذرائع کے مطابق لالہ موسیٰ سٹی میں سڑک کی تعمیر و بحالی کا منصوبہ 2 جولائی 2021 کو شروع کیا گیا تھا جس کی مقررہ مدت 6 ماہ تھی اور اسے 27 دسمبر 2021 تک مکمل کیا جانا تھا۔
منصوبے پر تقریباً 25 کروڑ 73 لاکھ روپے لاگت آئی، شہریوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ سڑک کی تعمیر و بحالی پر بھاری رقم خرچ ہونے کے باوجود چند ہی سال بعد اس کا دوبارہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونا کئی اہم سوالات کو جنم دیتا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ اگر تعمیراتی کام معیار کے مطابق کیا گیا تھا تو سڑک اتنے مختصر عرصے میں دوبارہ خراب کیوں ہوئی اور اگر کام ناقص تھا تو اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے کے معیار، استعمال ہونے والے میٹریل، تعمیراتی نگرانی اور کنٹریکٹر کی کارکردگی کا باقاعدہ تکنیکی آڈٹ کرایا جائے اور اگر کسی قسم کی غفلت یا ناقص کام ثابت ہو تو ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments