تین ماہ میں 3ہزار سے زائد جرائم پیشہ افراد گرفتار

تین ماہ میں 3ہزار سے زائد جرائم پیشہ افراد گرفتار

597سرچ آپریشنز، متعدد منشات فروش گرفتار، غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد پولیس کا وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر اور غیرقانونی مقیم افراد کے خلاف مشترکہ گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز تسلسل کے ساتھ جاری ہیں، اس سلسلے میں سال 2026کے پہلے سہ ماہی کے دوران اسلام آباد پولیس نے مجموعی طور پر 597کومبنگ سرچ آپریشنز کیے، یہ سرچ آپریشنز ایس ایس پی آپریشنز کی سربراہی جبکہ متعلقہ زونل ایس پیز کی زیر نگرانی انجام دئیے گئے، سرچ آپریشنز کے دوران 57ہزار 961افراد اور 25ہزار سے زائد گھرانوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔

جبکہ 6ہزار 871دکانوں اور 2ہزار 188ہوٹلز کو بھی چیک کیا گیا، مزید برآں 19ہزار 343موٹر سائیکلوں اور 6ہزار 884گاڑیوں کی تلاشی بھی لی گئی، سرچ آپریشنز کے دوران 3ہزار 383مشکوک افراد، جن میں 362غیر قانونی مقیم افغان باشندے بھی شامل ہیں کو حراست میں لے کر مزید جانچ پڑتال کیلئے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا گیا، اس کے علاوہ 109گاڑیاں اور 1ہزار 751موٹرسائیکلیں بھی تحویل میں لی گئیں، اسلام آباد پولیس کی جانب سے \"اسلحہ سے پاک اسلام آباد\" مہم کے تحت غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بھی بلا تفریق کریک ڈائون عمل میں لایا گیا۔

ان کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے قبضے سے 12کلاشنکوف، 4رائفلز، 8بندوقیں، مختلف بور کے 64پستول، 6خنجر اور بھاری مقدار میں ایمونیشن برآمد کیا گیا، اسی طرح \" نشہ اب نہیں\" مہم کے تسلسل میں وفاقی دارالحکومت میں منشیات فروشوں کیخلاف بھی بڑے پیمانے پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، رواں سال کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 5کلو گرام چرس، 6کلو گرام ہیروئن، 5کلو گرام آئس اور 87بوتل شراب برآمد کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں