ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ سینیٹرز کی رجسٹریشن ، لائسنسنگ ڈیجیٹلائز
اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے سی ای او نے ڈیٹا وزارت قومی صحت کو بھیج دیا
اسلام آباد (ایس ایم زمان )اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے وفاقی دارالحکومت کے سرکاری و نجی ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ سینیٹرز کی رجسٹریشن و لائسنسنگ کی ڈیجیٹلائزیشن اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے منصوبوں پر کام شروع کر دیا ہے ، اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر زعیم ضیا نے وزارت قومی صحت کو آئی ایچ آر اے کے جدید ڈیجیٹل حل کے بارے میں بریفنگ بھجوائی ہے ، بریف کے مطابق اتھارٹی کے بنیادی نظام کو ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے جس میں خاص طور پر رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے لیے ایک آن لائن پورٹل بنایا گیا ہے تاکہ ہیلتھ کیئر فراہم کرنے والوں کے لیے شفافیت اور رسائی کو آسان بنایا جا سکے ۔ایک موبائل ایپلی کیشن تیار کی گئی ہے جو عوام کو ہنگامی صورتحال میں قریبی ایمرجنسی سروسز تک فوری رسائی فراہم کرے گی تاکہ قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے لیس ایک نئے کسٹمر سپورٹ ایجنٹ تیار کیا گیا ہے جو رجسٹریشن کے عمل میں صارفین کی رہنمائی کرے گا اور ان کے سوالات کے فوری جواب دے گا۔