گیس لیکیج سے آتشزدگی میاں بیوی اور بچی جھلس گئے
کراچی (آئی این پی ) سرسید تھانے کی حدود نارتھ کراچی میں بدھ بازار کے عقب والی گلی میں مکان نمبر 73 میں گیس لیکیج سے آگ لگ گئی۔۔۔
جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور بچی جھلس کر زخمی ہوگئے ،زخمی ہونے والے میاں بیوی و بچی کو سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔ زخمی ہونے والے میاں بیوی و بچی کی شناخت 30 سالہ علی رضا ولد نسیم احمد، اس کی اہلیہ 28 سالہ فائزہ اور ان کی 10 سالہ بیٹی مریم کے نام سے کی گئی ۔ پولیس کے مطابق کچی آبادی میں ایک کمرے کا گھر ہے اور کمرے کے اندر ہی کچن بنا ہوا ہے ۔ رات کو گیس نہ ہونے کے باعث گھر والے چولہا بند کرنا بھول گئے تھے ۔ صبح جب سو کر اٹھے اور چولہا جلانے کے لیے جیسے ہی ماچس جلائی تو آگ بھڑک اٹھی اور ایک چادر میں آگ لگ گئی، جس سے میاں بیوی اور بچی جھلس گئے ، تاہم تینوں کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔