منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والا کروڑوں روپے کا کیمیکل کیٹامائن پکڑا گیا،2ملزمان گرفتار

منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والا کروڑوں روپے کا کیمیکل کیٹامائن پکڑا گیا،2ملزمان گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر ایکسائزمکیش کمار چاؤلہ کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔

محکمہ نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے ایک ہفتے کے دوران خفیہ اطلاع پر کورنگی کراسنگ پر دوسری بڑی کاروائی میں منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والا 10 ہزار 300 گرام کیمیکل کیٹامائن برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول کراچی لکھمی چند اور انچارج ضلع کورنگی سہیل عباس نے گزشتہ روز دیگر حکام کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل نارکوٹکس کنٹرول سندھ کے دفتر میں پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انھوں نے عالمی منڈی میں اس وقت کیٹامائن کی فی کلو قیمت تقریباً 9 سے 10 لاکھ روپے ہے جس کی کل قیمت ایک کروڑ روپے سے زیادہ بنتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان زاہد اقبال ولد فضل الٰہی اور ذوالفقار ولد دین محمد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان کا تعلق منشیات اسمگلنگ میں ملوث بین الصوبائی گروہ سے ہے جو کوئٹہ سے کراچی کیٹامائن اسمگل کرتے ہیں۔ نارکوٹکس کنٹرول حکام نے مزید بتایا کہ ملزمان کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں مختلف جگہوں پر چھاپے بھی مارے جارہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ کی واضح ہدایت ہے کہ سندھ کے نوجوانوں کو منشیات سے محفوظ رکھا جائے ، ہمارا عزم ہے ایک قوم ایک جان، منشیات سے پاک سندھ و پاکستان۔ یاد رہے کہ محکمہ نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے گزشتہ ہفتے سپرہائی وے پر ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کاروائی کرتے ہوئے شراب کی فیکٹری پکڑی تھی جہاں سے بڑی مقدار میں بین الاقوامی برانڈ کی شراب کی بوتلیں، تیار شراب کے کین، خالی بوتلیں، اسٹیکرز، ڈھکن اور شراب کی تیاری میں استعمال ہونے والا دیگر سامان برآمد کیا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں