غیر قانونی تعمیرات روکنے کے لئے کمیٹیاں قائم

کراچی (این این آئی)سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد اسحاق کھوڑو کی خصوصی ہدایات پر عید کی تعطیلات میں غیر قانونی تعمیرات کو روکنے کے لئے کمیٹیاں قائم کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے نے کراچی کے تمام ڈسٹرکٹ ڈائریکٹرز اور ڈائریکٹر ویجیلنس سیکشن سمیت تمام ریجنل ڈائریکٹر کو ہدایات جاری کی ہیں جس کے مطابق عید کی عام تعطیلات کے دوران غیر قانونی تعمیرات پر کڑی نظر رکھنے اور انہیں فوری روکنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔اس سلسلے میں افسران و اہلکار پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو عید تعطیلات کے دوران اپنے علاقوں میں تعمیراتی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھیں گی اور غیر قانونی تعمیرات کو ہر صورت روکنے اور فوری خاتمے کو ممکن بنائیں گی۔اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل محمد اسحاق کھوڑو کا کہنا ہے کہ ایس بی سی اے غیر قانونی تعمیرات سے متعلق زیرو ٹالرنس پالیسی جاری ہے جس کے سبب جعلی بلڈرز ٹھیکیدار مافیاز میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔شہر کے یوٹیلیٹی انفراسٹرکچر کی بربادی کی ذمہ دار غیر قانونی تعمیرات ہیں۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے تعطیلات کے دوران تعمیراتی اصول و ضوابط کے بر خلاف غیر قانونی ،غیر معیاری تعمیرات کی پلاننگ کررکھی ہے ،جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔متعلقہ افسران کو لازمی انہیں ناکام بنانا ہوگا۔