مختلف علاقوں میں گیس کی بندش، شہریوں کو مشکلات

کراچی (سٹی ڈیسک)کراچی کے مختلف علاقوں میں عیدکے بعد بھی گیس کی بندش اور لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑا۔۔
اطلاعات کے مطابق پی آئی بی کالونی،مارٹن کوارٹر ، گلبہار پاسبان محلہ،غوثیہ کالونی ،شاہ فیصل کالونی ،انچولی نزد باب رحمت مسجد سمیت مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی میں تعطل کے باعث شہری لکڑی اور ایل پی جی کے استعمال پر مجبور ہو گئے ، جس سے ان کے روزمرہ اخراجات میں اضافہ ہو گیا ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کی جزوی اور مکمل بندش نے ان کی زندگی کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے ، اس کے علاوہ دفاتر جانے والے ملازمین کے لیے بھی یہ صورتحال پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے ۔ گیس نہ ہونے کی وجہ سے انہیں سڑکوں پر زیادہ وقت گزارنا پڑ رہا ہے کیونکہ کھانا پکانے کے لیے ان کو باہر سے کھانا خریدنا پڑتا ہے ، جس سے ان کی آمدنی پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ روزانہ کے اخراجات بڑھنے کے ساتھ ساتھ وقت کی بھی ضیاع ہو رہا ہے ، جس سے ان کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے جبکہ اس کے علاوہ بھی شہر کے کئی علاقوں میں گیس بندش کی شکایات موصول ہو رہی ہیں،جس کی وجہ سے گھریلو صارفین کو مشکل پیش آرہی ہے ۔ متاثرہ علاقوں میں ملیر، کورنگی، لانڈھی، گلشن اقبال اور دیگر علاقے بھی شامل ہیں۔شہریوں نے گیس کی بندش کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی روز مرہ کی زندگی متاثر ہو رہی ہے اور اس صورتحال سے ان کا شدید نقصان ہو رہا ہے ۔شہریوں نے گیس کی بندش پر شدید احتجاج کرتے ہوئے حکام سے فوری طور پر گیس بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔