لاڑکانہ :میٹرک امتحانات میں نقل عروج پر ،777امیدوار پکڑے گئے

لاڑکانہ (بیورو رپورٹ)لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کے تحت نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات جاری ہیں۔
گزشتہ روز نویں جماعت کا فزکس کا پرچہ لیا گیا،جس کے دوران متعدد امتحانی مراکز میں امیدواروں کو گائیڈز اور موبائل فون کے ذریعے بلاخوف نقل کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ کئی مراکز میں نقل کا بازار گرم رہا۔امتحانات کی نگرانی کے لیے تعلیمی بورڈ اور محکمہ تعلیم کی تشکیل کردہ ویجیلنس ٹیموں نے شہر کے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور متعدد امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا، جب کہ 34 جعلی امیدوار بھی گرفتار کیے گئے ۔لاڑکانہ بورڈ کے چیئرمین خالد حسین مہر نے سیکرٹری سید اشفاق حسین شاہ اور پی آر او فیض محمد ملاح کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز کا معائنہ کیا، جن میں گورنمنٹ انگلش ماڈل اسکول، گرلز ہائر سیکنڈری اسکول اور پائلٹ ہائر سیکنڈری اسکول شامل تھے ۔ اس موقع پر انہوں نے عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ موبائل فون پر پابندی کو یقینی بنایا جائے اور نقل روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد حسین مہر نے بتایا کہ اب تک تعلیمی بورڈ کی 36 اور محکمہ تعلیم و انتظامیہ کی 28 ٹیموں نے کارروائیاں کرتے ہوئے 777 امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے پکڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہری امتحانی مراکز میں بنیادی سہولیات موجود ہیں، تاہم دیہی مراکز میں کچھ مسائل درپیش ہیں۔