نواب شاہ:کمسن بچی کھلے مین ہول میں گرکر جاں بحق

نواب شاہ:کمسن بچی کھلے مین ہول میں گرکر جاں بحق

بی سیکشن تھانے کی حدود میں واقعہ، پولیس مقدمہ درج نہیں کررہی، والدشہر میں کئی گٹروں پر ڈھکن موجود نہیں، بڑا حادثہ رونما ہوسکتا ہے ، شہری

نواب شاہ (بیورو رپورٹ)نواب شاہ میں بی سیکشن تھانے کی حدود میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک کمسن بچی کھلے گٹر میں گر کر جاں بحق ہو گئی، متوفیہ بچی کے والد نے نواب شاہ پریس کلب کے باہر احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ وہ متعلقہ بلدیاتی نمائندوں کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر ان کا کہنا تھا کہ بااثر افراد کی وجہ سے ان کی ایف آئی آر درج نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے اپیل کی کہ ان کی ایف آئی آر درج کروائی جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی بچی تو واپس نہیں آ سکتی، لیکن اگر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے تو مستقبل میں مزید بچوں کی زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔

شہریوں نے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں متعدد گٹر ایسے ہیں جن کے ڈھکن موجود نہیں، جو کسی بھی وقت مزید حادثات کا سبب بن سکتے ہیں۔ انہوں نے بلدیاتی نمائندوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ماتحت عملے کو سخت ہدایات جاری کریں اور شہر بھر میں کھلے گٹروں پر فوری طور پر ڈھکن لگائے جائیں، شہریوں نے مزید مطالبہ کیا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کا نظام بھی خراب ہے ، اسے بھی بہتر بنایا جائے اور مچھروں سے نجات کیلئے سے علاقے میں اسپرے کیا جائے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسائل پر توجہ نہ دی گئی تو وہ احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں