دلخراش حادثے میں شہری جاں بحق،ٹینکرنذرآتش

دلخراش حادثے میں شہری جاں بحق،ٹینکرنذرآتش

حادثہ گلستان جوہر پرفیوم چوک کے قریب پیش آیا،ذمہ دارڈرائیورفرار بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 30 سالہ خاتون جاں بحق ، شوہر زخمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) شہر میں دندناتے ہوئے واٹر ٹینکر نے ایک اور شخص کی جان لے لی، گلستان جوہر پرفیوم چوک کے قریب واٹر ٹینکر نے ایک شخص کو کچل کر شدید زخمی کر دیا جو اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق حادثہ اتنا دلخراش تھا کہ موقع پر موجود افراد کی چیخیں نکل گئیں۔حادثے کے بعد مشتعل عوام نے واٹر ٹینکر کو نذر آتش کر دیا جبکہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، واٹر ٹینکر نذر آتش کیے جانے کی اطلاع پر شارع فیصل پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔گلستان جوہر فائر اسٹیشن سے ایک فائر ٹینڈر نے واٹر ٹینکر کے اگلے حصے میں لگائی جانے والی آگ پر قابو پالیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ فوری طور واٹر ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق شخص کی شناخت نہیں ہوسکی۔ایس ایچ او شارع فیصل امتیاز حسین نے بتایا کہ واٹر ٹینکر ڈرائیور کے بارے میں اطلاع ملی ہے کہ وہ فرار ہوگیا ہے اور یہ پتا چلا ہے کہ عوام نے اس پر تشدد بھی کیا تھا۔علاوہ ازیں نمائش پیپلز چورنگی کے قریب بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 30 سالہ خاتون صائمہ جاں بحق جبکہ اس کا شوہر عمران زخمی ہوگیا۔ پولیس نے حادثے میں ملوث بس کو تحویل میں لے لیا ہے ۔دوسری جانب ماڑی پور روڈ پر مزدا ٹرک کی ٹکر سے ایک نامعلوم خاتون جاں بحق ہوگئی۔ادھر کینٹ اسٹیشن کے قریب زیر تعمیر عمارت کی چوتھی منزل سے گر کر ایک مزدور بھی جان کی بازی ہار گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں