نقل کے خلاف پہلا بڑا ایکشن ، ہیڈ ماسٹر معطل ، نوٹیفکیشن جاری

 نقل کے خلاف پہلا بڑا  ایکشن ، ہیڈ ماسٹر معطل ، نوٹیفکیشن جاری

وزیر جامعات اسماعیل راہو کا کورنگی کراسنگ بھٹائی آباد کے اسکول کا دورہ، مرکز میں غیر متعلقہ افراد کی موجودگی پر برہمی شفافیت یقینی بنانے کے لیے نقل مافیا اور غفلت برتنے والے افسران و عملے کے خلاف کارروائی جاری رہے گی،حکومتی حلقے

کراچی(این این آئی)صوبائی وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز محمد اسماعیل راہو کی شکایت پر وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے امتحانی مراکز میں نقل اور بے ضابطگیوں کے خلاف پہلا بڑا ایکشن لیتے ہوئے کورنگی کراسنگ بھٹائی آباد کے گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول حاجرآباد کے ہیڈ ماسٹر کو معطل کردیا۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کو وزیر جامعات و بورڈز محمد اسماعیل راہو نے کراچی کے مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا تھا۔ دورے کے دوران گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول حاجرآباد، کورنگی کراسنگ میں امتحانی انتظامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وزیر جامعات نے مرکز میں غیر متعلقہ افراد کی موجودگی، نظم و ضبط کی صورتحال اور ممکنہ نقل کے خدشات پر برہمی ظاہر کی۔ ذرائع کے مطابق امتحانی سینٹر میں ایسے افراد بھی موجود پائے گئے جن کا امتحانی عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا، جس پر فوری طور پر محکمہ تعلیم سندھ کو کارروائی کی ہدایت کی گئی۔

وزیر اسماعیل راہو کی رپورٹ اور شکایت پر وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے اسکول کے ہیڈ ماسٹر طارق عزیز کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے ۔محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہیڈ ماسٹر طارق عزیز کو انتظامی غفلت، امتحانی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد میں ناکامی اور مرکز میں غیر متعلقہ افراد کی موجودگی پر معطل کیا گیا ہے ۔حکومتی حلقوں کے مطابق امتحانات میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے نقل مافیا، بے ضابطگیوں اور غفلت برتنے والے افسران و عملے کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ وزیر تعلیم سردار شاہ نے واضح کیا ہے کہ طلبہ کے مستقبل سے کھیلنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔واضح رہے کہ سندھ بھر میں میٹرک و انٹرمیڈیٹ امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام کیلئے صوبائی حکومت نے خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے رکھی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں