موٹر رجسٹریشن ونگ میں رش،اضافی عملہ تعینات
چھٹی کے روز بھی بڑی تعداد میں شہری موٹر رجسٹریشن ونگ پہنچے ٹرانسفر فیس ختم ہونے کے بعد رجسٹریشن اور ٹرانسفر میں نمایاں اضافہ
کراچی (این این آئی) وزیر اعلی سندھ کی جانب سے موٹر سائیکلوں کی ٹرانسفر فیس ختم کرنے کے فیصلے کے بعد شہر میں شہریوں نے اپنی گاڑیاں اپنے نام منتقل کروانے کے لیے سوک سینٹر میں قائم موٹر رجسٹریشن ونگ کا رخ کرلیا ہے ۔ چھٹی کے روز بھی بڑی تعداد میں شہری موٹر رجسٹریشن ونگ پہنچے ، جہاں انہوں نے حکومت سندھ کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرانسفر فیس کے خاتمے سے عوام کو براہ راست مالی ریلیف ملا ہے ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ قانونی طور پر ملکیت کی منتقلی ممکن ہو سکے ۔محکمہ ایکسائز کے حکام کے مطابق ٹرانسفر فیس ختم ہونے کے بعد موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کے عمل میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ پہلے جہاں یومیہ پانچ سو سے زائد موٹر سائیکلیں ٹرانسفر ہوتی تھیں، اب اس تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہو چکا ہے ۔حکام نے بتایا کہ حکومت سندھ نے اس سہولت سے استفادہ کرنے کے لیے شہریوں کو 30 اپریل تک مہلت دی ہے ۔ اس دوران موٹر رجسٹریشن ونگ کے دفاتر کے اوقات کار بھی بڑھا دیے گئے ہیں، اور یہ دفاتر صبح 8 بجے سے رات 12 بجے تک، حتی کہ تعطیلات کے دنوں میں بھی کھلے رکھے جا رہے ہیں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اضافی عملہ تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو بروقت اور بہتر سہولت فراہم کی جا سکے ۔