ٹریلر اور ڈمپر نے دوموٹر سائیکل سوار کچل دیے
حادثات ماڑی پور روڈ اور سپرہائی وے پر پیش آئے ،ایک ڈرائیور گرفتاررواں سال ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد314ہوگئی
کراچی(این این آئی)شہر قائد میں ہیوی ٹریفک سے انسانی جانوں کے ضیاع کا سلسلہ تھم نہیں سکا، انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات بھی ناکافی نظر آرہے ہیں، اتوار کے روز شہر میں پیش آنے والے دو مختلف ٹریفک حادثات میں ٹریلر اور ڈمپر کی ٹکر سے دو موٹر سائیکل سوار نوجوان جان کی بازی ہار گئے ۔تفصیلات کے مطابق پہلا حادثہ ماڑی پور روڈ پر پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں بائیک سوار ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹریلر کو تحویل میں لے کر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے ۔دوسرا حادثہ سپر ہائی وے پر پیش آیا جہاں ڈمپر نے موٹر سائیکل کو کچل دیا۔جس کے نتیجے میں عبداللہ نامی نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ حادثے کے بعد ڈرائیور ڈمپر سمیت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے ۔ دونوں لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق رواں سال ٹریفک حادثات میں 314افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ رواں سال مختلف حادثات میں زخمیوں کی تعداد 3276 ہوگئی ہے۔ ریسکیوحکام نے بتایاکراچی میں رواں سال ٹریلر کی ٹکر سے 49، واٹر ٹینکرز کی ٹکر سے 31، بس کی ٹکر سے 12 اور ڈمپر کی ٹکر سے 6افراد جاں بحق ہوئے جبکہ رواں سال ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے 107 افراد جاں بحق ہوئے۔