باپ بیٹے پرمشتمل 8رکنی ڈکیت گینگ پکڑا گیا
ملزمان ڈکیتی اور موبائل چھیننے کی 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیںرات ایک سے تین بجے کے دوران شہریوں کو نشانہ بناتے ،ملزمان کاانکشاف
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے باپ بیٹے کی سربراہی میں قائم 8 رکنی اسٹریٹ کرائم گینگ دھر لیا ، 100 سے زائد وارداتوں کا انکشاف تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر عمران خان نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے تیموریہ تھانے کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے باپ اور بیٹے کی سربراہی میں سرگرم 8 رکنی اسٹریٹ کرمنلز گینگ کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی کے مطابق ملزمان شہر میں ڈکیتی اور موبائل چھیننے کی 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ اس کارروائی کے لیے ایف بی انڈسٹریل ایریا اور تیموریہ تھانوں کے ایس ایچ اوز اور ٹیکنیکل اسٹاف پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جس نے خفیہ اطلاع پر تیموریہ کے علاقے میں ایک کرائے کے مکان پر چھاپہ مار کر گینگ کے سرغنہ سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کیا۔گرفتار ملزمان میں منصور احمد، اس کا بیٹا فہد، محمد عبید، مزمل، محمد عرفان، نعمان، عمران علی اور محمد زبیر شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق منصور گینگ کا سرغنہ ہے جبکہ اس کا بیٹا فہد عملی طور پر وارداتوں کی قیادت کرتا تھا۔کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 6 پستول، 3 موٹرسائیکلیں، 17 چھینے گئے موبائل فونز، 13 شہریوں کے شناختی کارڈز، 8 گھڑیاں اور 4 بیگز برآمد کیے گئے ۔ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ خاص طور پر رات ایک سے تین بجے کے دوران شہریوں کو نشانہ بناتے تھے ۔ ملزمان واردات کے دوران شہریوں سے موبائل فون کا پاسورڈ بھی زبردستی حاصل کرتے تھے ۔