ریگل چوک تا پریس کلب مزدور ریلی کا انعقاد

ریگل چوک تا پریس کلب مزدور ریلی کا انعقاد

صنعتی اداروں کے محنت کشوں، صحافیوں، اساتذہ، وکلاکی شرکت سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ میں میگا کرپشن کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ

کراچی(این این آئی)نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن پاکستان اور ہوم بیسڈ وومن ورکرز فیڈریشن اور دیگر تنظیموں کے زیرِ اہتمام جمعہ کومزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر مزدور ریلی ریگل چوک سے کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ریلی کی قیادت مزدور رہنماؤں کامریڈ گل رحمان، کامریڈ زہرا خان،ناصرمنصور ، نسیم راؤ، رفیق بلوچ ،منظور رضی اور دیگر نے کی۔ ریلی میں مختلف صنعتی اداروں کے محنت کشوں، صحافیوں، اساتذہ، وکلا، سیاسی کارکنوں اور خواتین مزدوروں نے شرکت کی۔ریلی کے شرکا نے مطالبہ کیا گیا کہ ٹھیکہ داری نظام ختم کیا جائے ۔پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ واپس لیا جائے ۔ کم از اجرت کی جگہ مزدوروں کو لیونگ ویج کی بنیاد پر ادائیگی کی جائے ۔ تمام ورکرز کو تحریری تقررنامے ، سوشل سیکورٹی اور پنشن کے اداروں سے رجسٹرڈ کیا جائے۔

یونین سازی کے حق کو تسلیم کیا جائے ۔ کام کی جگہوں کو محفوظ بنایا جائے ۔ مزدور عورتوں کے خلاف ہراسگی ختم کی جائے اور یکساں کام کی یکساں اجرت دی جائے ۔ سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ میں ہونے والی میگا کرپشن کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائے ، ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سزا دی جائے اور لوٹی رقم واپس ادارے کو لوٹائی جائے ۔ پیکا ایکٹ واپس لیا جائے اور نویں ویج بورڈ کا اعلان کیا جائے ۔ یونین رہنماں کے خلاف انتقامی کارروائیاں، بشمول جبری تبادلے اور تقرریاں، روکی جائیں۔ پبلک اداروں کی نجکاری کا عمل فی الفور روکا جائے ۔پاکستان ریلوے میں سی بی اے کے تعین کے لیے جلد از جلد ریفرنڈم کروایا جائے ۔ این آر سی کا چیئرمین اور ممبران فی الفور تعینات کیے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں