کریم آباد انڈرپاس کی سڑک غیرہموار،معیارخراب

کریم آباد انڈرپاس کی سڑک غیرہموار،معیارخراب

ڈھائی سال کی تاخیر کے بعد بھی ڈرینج کا سسٹم مکمل طور پر نہیں ڈالا گیا مسلسل تاخیر کی وجہ سے منصوبہ 3ارب 80 کروڑ روپے تک پہنچ گیا

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد ضلع وسطی میں قائم کریم آباد پر تعمیر ہونے والے انڈر پاس کو ڈھائی سال کی تاخیر کے بعد ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا تاہم اب بھی کام ادھورے رہ گئے ہیں۔کریم آباد انڈرپاس کا 30 دسمبر 2022 کو ادارہ ترقیات کراچی نے کام شروع کیا جس کی تخمینی لاگت ایک ارب 35 کروڑ روپے مقرر کی گئی جس کو ایک سال میں مکمل کیاجانا تھا۔اس انڈر پاس کی لمبائی 1.2 کلو میٹر ہے لیکن کے ڈی اے اس کو ایک سال میں مکمل نہیں کرسکا مسلسل تاخیر کی وجہ سے اس کی لاگت میں اضافہ ہوگیا اور منصوبہ 3ارب 80 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔کریم آباد انڈر پاس کی تعمیر سے کریم آباد حسین آباد کے تاجروں کا کاروباراور کراچی کی قدیم اسپورٹس کی مارکیٹ کا کاروبار بھی بری طرح متاثرہوا، اسی طرح مینا بازار کا کاروبار بھی متاثر ہوا۔

اس کے علاوہ موسیٰ کالونی کی مکینوں کو آمد ورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ساڑھے 3 سال رہا ، تاہم اب کریم آباد انڈر پاس کو ایٹ گرڈ کی تعمیر کے بغیر جلد بازی میں ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا،کریم آباد انڈر پاس کی سڑک بھی جگہ جگہ سے غیر ہموار جبکہ سڑک انتہائی غیر معیاری تعمیر کی گئی، امکان ہے سڑک کو بہتر انداز سے تعمیر کیا جا ئے گا جبکہ ڈرینج کا سسٹم بھی مکمل طور اب تک نہیں ڈالا گیا ۔انڈر پاس میں بہت ساکام باقی ہے امکان ہے کہ جلد اس کو بھی مکمل کر لیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں