تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی میں ملوث فیملی گینگ گرفتار

تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی میں ملوث فیملی گینگ گرفتار

پانچ رکنی گینگ میں میاں ،بیوی اور قریبی رشتہ دار شامل ہیں،منشیات برآمدسہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں،ایس ایس پی ملیر

کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) پولیس نے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والے 5 رکنی ’فیملی گینگ‘ کو گرفتار کرلیا ، گرفتار ملزمان میں میاں ،بیوی اور قریبی رشتہ دار شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ لطیف پولیس نے مرغی خانہ کے قریب ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شہر کے نامور تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔ملزمان کے قبضے سے 25 کلو گرام سے زائد بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی ہے ۔

ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں شاکر، عبدالمنان، نوید خالق، ناہید اور فضیلہ شاکر شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس بین الصوبائی یا بین الاضلاعی نیٹ ورک میں 2 میاں بیوی اور ان کا ایک قریبی رشتہ دار شامل ہے ، ملزمان انتہائی شاطر انداز میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے بچ کر منشیات کی اسمگلنگ اور سپلائی کر رہے تھے ۔ایس ایس پی ملیر نے تشویشناک انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ یہ گرفتار فیملی شہر کے مختلف حساس مقامات سمیت خاص طور پر تعلیمی اداروں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ تک منشیات پہنچانے میں ملوث تھی۔عبدالخالق پیرزادہ نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو تباہی کے دہانے پر دھکیلنے والے اس گروہ کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں