ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ملیر کے خلاف حکم امتناع جاری
درخواست گزار کے خلاف کوئی منفی کارروائی نہ کی جائے ،عدالت کی ہدایتہائیکورٹ میں مویشیوں پر فیس وصول کرنے والے ٹھیکیدار کی درخواست کی سماعت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے کراچی لائے جانے والے مویشیوں پر فیس وصول کرنے والے ٹھیکیدار کی درخواست پر ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ملیر کے خلاف حکم امتناع جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ درخواست گزار کے خلاف کوئی منفی کارروائی نہ کی جائے ۔ درخواست گزار کے وکیل نعیم اقبال ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کے پاس ٹی ایم سی ملیر کی جانب سے کراچی آنے والے مویشیوں سے فیس وصول کرنے کا باقاعدہ کنٹریکٹ موجود ہے اور معاہدے کے مطابق تمام ادائیگیاں کی جا رہی ہیں۔
اس حوالے سے عدالت میں ریکارڈ بھی پیش کیا گیا۔ وکیل نے بتایا کہ ٹی ایم سی ملیر کی جانب سے الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ جون کی ادائیگی نہیں کی گئی، حالانکہ جون کی ادائیگی ابھی واجب ہی نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود نیا آرڈر تیار کرلیا گیا ہے جبکہ ٹی ایم سی انتظامیہ پے آرڈر وصول نہیں کر رہی کیونکہ وہ معاہدہ منسوخ کرکے خود فیس وصول کرنا چاہتی ہے ۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر تقریباً 90 فیصد مویشی کراچی لائے جاتے ہیں، اس لیے اگر معاہدے پر عملدرآمد نہ ہوا تو درخواست گزار کو شدید مالی نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے استدعا کی کہ ٹی ایم سی ملیر کو معاہدے پر عملدرآمد کا پابند بنایا جائے ۔ عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد درخواست گزار کو پے آرڈر جمع کرانے کی ہدایت کی۔