مرتضیٰ وہاب سارے وسائل پر قابض ،سیف الدین
اختیارات نچلی سطح منتقل ،وسائل شہر پر خرچ ،ٹاؤن اور یوسیز کو فنڈز دیے جائیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر)قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ رواں سال کے ایم سی کا بجٹ 5500کروڑ روپے ہے جبکہ گزشتہ برسوں میں 3900,4000,4900اور 2500کروڑ روپے تھا اور ان 5برسوں کے دوران مرتضی وہاب کراچی پر مسلط رہے ، پہلے بطور ایڈمنسٹریٹر اور اب جماعت اسلامی کی میئر شپ چھین کر سارے وسائل پر قابض ہیں، یہ ہزاروں ارب روپے کا بجٹ کہاں خرچ ہوا کسی کو نہیں معلوم؟ امیر ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج، ٹاؤن چیئر مین نصرت اللہ کے ہمراہ بلاک 18یوسی 2میں عمر فیملی پارک و اوپن ایئر جم کے افتتاح کے بعد سیف الدین ایڈووکیٹ نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے وسائل کراچی پر خرچ کیے جائیں، آئین کے آرٹیکل 140اے کے تحت اختیارات و وسائل نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں، ٹاؤن اور یوسیز کو ترقیاتی فنڈز دیے جائیں، پیپلز پارٹی 18سال سے سندھ پر مسلط ہے ، صوبائی حکومت کا سالانہ بجٹ تقریباً3500ارب روپے ہے اور اس کا 95 فیصد کراچی سے وصول کیا جاتا ہے لیکن کراچی کے عوام کو بنیادی سہولتیں میسر نہیں۔انہوں نے کہا کہ آدھے سے زیادہ شہر پانی سے محروم ہے ، انفرا اسٹرکچر تباہ حال، سڑکیں ٹوٹی پھوٹی اور ٹرانسپورٹ کا کوئی نظام موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا میئر ہوتا تو کراچی کے وسائل کراچی پر خرچ ہوتے اور کراچی کی موجودہ ابتر حالت نہ ہوتی۔