حکومت پریا کماری کو کیوں بازیاب نہیں کرارہی، ایاز پلیجو

حکومت پریا کماری کو کیوں بازیاب نہیں کرارہی، ایاز پلیجو

بچی 5سال سے قید میں،سندھ میں کوئی حکومت ہی نہیں جو عوامی مطالبات سنے کسی وزیر یا بااثر افسر کا بچہ اغوا ہوا ہوتا تو اسے چند گھنٹوں میں بازیاب کرا لیا جاتا

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت عوام کو بتائے آخر معصوم پریا کماری کو کیوں بازیاب نہیں کرایا جا رہا؟ معصوم بچی گزشتہ پانچ سال سے قید میں ہے ، مغوی بچی کی والدہ سمیت پورا سندھ مسلسل احتجاج کرتا آ رہا ہے اور ہر طرف سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ پریا کماری کو فوری طور پر آزاد کرایا جائے ، لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سندھ میں کوئی حکومت ہی نہیں جو عوام کے مطالبات سنے اور مسائل حل کرے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت بتائے کہ کیا مجرم حکومت اور ریاست سے بھی زیادہ طاقتور ہیں؟ آخر سندھ میں غریب اور بے سہارا لوگوں کی بیٹیاں اور بچے ہی کیوں غیر محفوظ ہیں؟ یہ پورا نظام صرف حکمران طبقے کا محافظ اور ان کے لیے جنت جیسا کیوں بنا ہوا ہے ؟ عام لوگ کسی بھی وقت کسی مجرم کا نشانہ بن سکتے ہیں اور ان کی زندگی کو جہنم بنا دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ معصوم پریا کماری کو 5برس قبل 10محرم کے دن سبیل چلاتے ہوئے اغوا کیا گیا تھا، اگر کسی وزیر یا کسی بااثر سرکاری افسر کا بچہ اغوا ہوا ہوتا تو اسے چند گھنٹوں میں بازیاب کرا لیا جاتا اور ملزم کو عبرت کا نشان بنا دیا جاتا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر معصوم پریا کماری کو بازیاب کرایا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں