نوکوٹ :مغوی تاجر ہریش کمار کا تاحال سراغ نہ مل سکا
مغوی کی بازیابی کیلئے اقلیتی برادری کے سندھ کے مختلف شہروں میں مظاہرے اقلیتی برادری کے سماجی و سیاسی رہنماؤں کا مغوی کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی
نوکوٹ (نمائندہ دنیا) دو روز قبل اپنی زرعی زمین سے واپسی کے دوران مبینہ طور پر اغوا ہونے والے ہندو تاجر ہریش کمار مانوانی کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا، جس کے باعث شہر بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ مغوی کی بازیابی کے لیے اقلیتی برادری کی جانب سے سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے ، جبکہ نوکوٹ میں بھی ہریش کمار مانوانی کے گھر پر اقلیتی برادری کے افراد کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس موقع پر اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے اہم سماجی اور سیاسی رہنماؤں نے بھی مغوی کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔ میڈیا نے مغوی کے اہل خانہ سے تازہ ترین صورتحال اور مؤقف جاننے کی کوشش کی، تاہم انہوں نے فی الحال کسی بھی قسم کا بیان دینے سے گریز کیا ہے ۔ دوسری جانب اغوا کی واردات کے بعد شہر کی فضا سوگوار اور خوفزدہ دکھائی دے رہی ہے ، جبکہ اقلیتی برادری کے افراد میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے ۔ شہری حلقوں کی جانب سے مغوی تاجر ہریش کمار مانوانی کی جلد اور محفوظ بازیابی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے ۔ ادھر نوکوٹ پولیس کو اس وقت دہری ذمہ داریوں کا سامنا ہے ۔ ایک جانب محرم الحرام کے سلسلے میں مجالس اور جلوسوں کو سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے ، جبکہ دوسری جانب ہریش کمار مانوانی کی بازیابی اور ملزموں کی تلاش کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔